اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان ہونے والے مذاکراتی عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ مذاکراتی کمیٹیاں دباو میں کام کر رہی ہیں۔ میڈیا سے میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا ہے کہ مذاکرات ہونے چاہئیں، مذاکرات سے کون انکاری ہے لیکن منافقت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ مذاکرات کس سے کر رہے ہیں، 9 مئی والوں سے؟ پی ٹی آئی والے 9 مئی سے انکاری بھی نہیں ہیں اوربانی پی ٹی آئی خود کہہ رہے کہ میرا ٹوئٹر باہر سے آپریٹ ہو گا۔ جاوید لطیف نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیاں دباو میں کام کر رہی ہیں، عالمی قوتوں کی جانب سے دباو آیا ہوا ہے، دباو میں ایسا کیا جائے تو مذاکرات بے نتیجہ ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرمجرم کیلئے کمیٹیاں بناتے ہیں تو پھر کچے کے ڈاکووں کیلئے بھی کمیٹیاں بنائیں، گھر پر نظر بندی کا کہتے ہیں تو پھر باقیوں کو بھی ایسی سہولیات دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) علی امین گنڈا پور کہہ رہے ہیں کہ 26 نومبر کو یہ ہوا، اداروں سے ہی 26 نومبرواقعے کی تحقیقات کرا لیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مقاصد اپنے مفادات پورے کرنے کیلئے ہیں، ٹرمپ کی ہمدردی اڈیالہ میں قید بانی پی ٹی آئی کیلئے نہیں ہے۔
حکومت اور پی ٹی آئی کی کمیٹیاں مذاکرات دباو میں کر رہی ہیں، سینئر لیگی رہنما کا انکشاف

















