مذاکرات کی ناکامی جمہوریت کےلئے خطرہ ہو گی،قریشی

لاہور:( خبر نگار)پی ٹی آئی رہنما وسابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے مذاکرات کی ناکامی جمہوریت کےلئے خطرہ ہو گی،پاکستان نازک موڑ پر کھڑا ہے، دعا ہے مذاکرات کسی منطقی نتیجے تک پہنچیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا مذاکرات کی ضرورت پاکستان کو ہے، تحریک انصاف کو نہیں، مذاکرات مثبت نتیجے پر جانے چاہئیں ورنہ حکومت ڈگمگا جائے گی،ناکامی جمہوریت کے دور کےلئے خطرہ ہو گی، بانی پی ٹی آئی کی سوچ اور فیصلہ ملکی مفاد کےلئے ہے،کوئی ناجائز مطالبہ نہیں ،جمہوریت کے دعوےدار سنجیدگی سے مذاکرات آگے بڑھائیں، پاکستان قائم و دائم رہے گا، سیاسی دانشمندی وقت کی ضرورت ہے۔