اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے 2ماہ میں7482مقدمات نمٹادئیے،تفصیلات جاری کردی گئیں۔
اعلامیے کے مطابق 28 اکتوبر سے 3 جنوری 2025 تک 7 ہزار 482 مقدمات نمٹائے گئے ،2 ہزار 950 مقدمات کا اندارج ہوا،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی قیادت میں عدالت نے فوری فیصلے کے عمل کو تیز کیا،مقدمات کی منصوبہ بندی، وسائل کی مختص و انتظامی بہتری سے عدالتی کارکردگی میں اضافہ ہوا، عدالتی اصلاحات کے تحت ای حلف نامہ اور فوری تصدیق شدہ کاپیوں کی فراہمی شروع کی گئی،عوامی شمولیت کےلئے قانونی ماہرین، فریقین اور سول سوسائٹی سے رائے لینے کا عمل متعارف کرایا گیا۔
سپریم کورٹ نے کہاچیف جسٹس کے دور دراز اضلاع کے دورے، ضلعی عدلیہ کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی گئی، انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے ضلعی عدلیہ کے وسائل میں بہتری کے اقدامات کیے گئے ،عدالتی نظام کو شفاف و موثر بنانے کےلئے جدید آئی ٹی سسٹم کا انضمام بھی کیا گیا،عوام کی ضروریات کے مطابق عدالتی نظام کو جوابدہ اور آسان بنانے کی کوششیں کررہے ہیں۔
دریں اثنا سپریم کورٹ نے موسم سرما کی تعطیلات کے بعد مقدمات کی سماعت کےلئے 5 ریگولر بنچ تشکیل دے دئیے،بنچ نمبر ایک چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس منیب اختر اور جسٹس ملک شہزاد احمد پر مشتمل ہوگا،بنچ نمبر 2 میں جسٹس امین الدین، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں ،بنچ نمبر 3 میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں،بنچنمبر 4 میں جسٹس علی مظہر اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی شامل ہوں گے ،بنچ نمبر 5 جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس مظہرعالم خان میاں خیل پر مشتمل ہوگا۔
سپریم کورٹ نے 2ماہ میں7482مقدمات نمٹادئیے،5 ریگولر بنچ تشکیل

















