پنجاب پولیس خاندان، ریٹائرڈ افسر، اہلکار ہمیشہ ہمارا حصہ رہیں گے:آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ نے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی درخواستیں سنیں اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس کی لیڈی سب انسپکٹر میمونہ ہاشمی کی پروموشن درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت کی جبکہ راولپنڈی کے سب انسپکٹر محمد اسلم اور سب انسپکٹر محمد عمر کی پروموشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو بھی ریلیف کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سپیشل برانچ پنجاب کے اے ڈی اعجاز ہاشمی کے فلیٹ سے متعلق درخواست پر اے آئی جی ڈویلپمنٹ کو ریلیف کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے سرگودھا کے انسپکٹر امیر قابل کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت کی جبکہ شیخوپورہ کے غازی کانسٹیبل شکیل احمد اور غازی کانسٹیبل ندیم اختر کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس کو بھی ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ آئی جی پنجاب نے حافظ آباد کے شہید کانسٹیبل کے بیٹے ارسلان اسد کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو ریلیف کے احکامات جاری کئے۔ اس دوران آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔ دریں اثناءسنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ ہونے والے 13 ڈی ایس پیز کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پیز نے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے محکمہ پولیس کیلئے گرانقدر خدمات سر انجام دینے پر ریٹائرڈ ڈی ایس پیز کا شکریہ ادا کیا۔ ریٹائرڈ ڈی ایس پیز میں ناصر عباس، کشور سلطانہ، محمد عمر فاروق، محمد قاسم، محمد اظہر ثاقب، مظہر اقبال، جاوید عالم، محمد سجاد بٹ، طارق مقصود، امجد علی، رضوان قادر، سید ابرار حیدر اور ندیم عباس بھی شامل تھے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے ریٹائرڈ افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ ڈی ایس پیز کے پنشن و دیگر مالیاتی مسائل فوری حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس ایک فیملی ہے اور ریٹائرڈ افسران و اہلکار ہمیشہ ہمارا حصہ رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس ریٹائرڈ افسران کے تجربات اور تجاویز سے استفادہ حاصل کرتی رہے گی جبکہ حاضر سروس سمیت ریٹائرڈ افسران و اہلکاروں کی ویلفیئر کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ اس موقع پر ریٹائرڈ افسران نے محکمہ کی جانب سے ہونے والی عزت افزائی پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شکریہ ادا کیا۔