اسلام آباد (مشر ق نیوز) حکومت سوشل میڈیا کے مواد کو ریگولیٹ کرنے کیلئے اپنے سائبر کرائم قوانین کو موثر بنانے کےلیے الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کے قانون (پیکا) 2016 میں ترمیم کا ارادہ رکھتی ہے ، جس سے اسے خامیوں کو دور کرنے کی اجازت ملے گی، خاص طور پر ایسے معاملات میں جہاں ریاستی اداروں کو بدنام کیا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پیکا قانون میں ترمیم کے حکومتی ارادے کا انکشاف کابینہ ڈویژن کے پارلیمانی سیکریٹری ساجد مہدی نے حال ہی میں قومی اسمبلی میں کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ حکومت اس قانون کو اپ گریڈ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے کیونکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے پاس سائبر کرائمز سے نمٹنے کی محدود صلاحیت ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کے بارے میں توجہ دلاو¿ نوٹس کے جواب میں کہا تھا کہ ہم نے وی پی این کو بلاک کرنے اور ایکس (ٹویٹر) کو بلاک کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن معاملہ زیادہ سنگین ہے اور وزیر اعظم نے پیکا 2016 میں پائی جانے والی کمزوریوں اور خامیوں کو دور کرنے کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے، ساجد مہدی کے مطابق اس ترمیم کو لانے کا ایک اور مقصد فوری انصاف ہے۔
اسی طرح کے ایک بیان میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے کہا تھا کہ حکومت سائبر کرائم قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تیز ٹرائل کیلئے کام کر رہی ہے۔ تاہم، اس طرح کے معاملات کو ایک مخصوص ٹریبونل کے ذریعے فوری انجام تک پہنچانے کا اقدام پہلے ہی تعطل کا شکار ہے، ٹیلی کمیونیکیشن اپیلٹ ٹریبونل کے قیام کا اعلامیہ 28 ستمبر 2024 کو شائع کیا گیا تھا لیکن وزارت قانون نے تین ماہ گزرنے کے باوجود اس کی تشکیل کا اعلامیہ جاری نہیں کیا ہے۔
اس ٹریبونل کی تجویز پی ٹی آئی نے مارچ 2020 میں پیش کی تھی اور دسمبر 2023 میں وزارت قانون و انصاف نے اس وقت کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے منظور کردہ ٹیلی کام اپیلٹ ٹریبونل آرڈیننس کو باضابطہ طور پر نوٹیفائی کیا تھا تاہم پارلیمنٹ پیش نہ کیے جانے کے باعث یہ آرڈیننس ختم ہو گیا تھا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ وزارت قانون پیکا 2016 کے تحت دائر مقدمات کیلئے اپیلٹ ٹربیونلز کے قیام پر کام کررہی ہے، جس تیز ٹرائل کی اجازت مل جائے گی۔ پیکا میں ترامیم کے بارے میں اہلکار نے مزید کہا کہ سائبر کرائمز قانون میں ’سب سے سنگین‘ خامی یہ تھی کہ اس میں ریاستی اداروں کے خلاف آن لائن ہتک عزت کی کوئی سزا نہیں تھی۔
حکومت کا ریاستی اداروں کیخلاف سائبر کرائم کی روک تھام کیلئے نئے طریقہ کار پر غور



















