حکومت کےساتھ مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہوں گے،اپوزیشن اتحاد

پشاور:(بیورورپورٹ)اپوزیشن اتحاد نے برابری کی بنیاد پر حکومت کےساتھ مذاکرات پراتفاق کرلیا،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کے گھراپوزیشن اتحاد کی اہم بیٹھک ہوئی، اپوزیشن لیڈرعمرایوب ، اسد قیصر اور صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی، ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کے پلیٹ فارم سے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اورحکومت کے ساتھ مذاکرات پراتفاق کیا گیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے اسد قیصر، عمر ایوب کے ہمراہ صحافیو ںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہوں گے اور حکومت مائنس بانی پی ٹی آئی کے تحت بات چیت کی سوچ ذہن سے نکال دے،اپنے گھر، خاندان اور کاروبار تباہ کردیااب کس چیز کا خوف ہے جومجبور ہوں گے،مثبت استحکام کےلئے مذاکرات کی بات کررہے ہیں، جاں بحق کارکنوں کی قربانی کو نہیں بھولیں گے، پنجاب کے اندر سول مارشل لا لاگو ہے۔

عمر ایوب نے کہا مذاکرات کےلئے دوسری شرط 9 مئی واقعات پرجوڈیشل کمیشن بنانے کی ہے، شرائط نہ مانی گئیں تو سول نافرمانی تحریک کی تعمیل ہوگی،اپنے ساتھیوں کو15 دسمبرکی دعوت دینے آئے تھے،محموداچکزئی، علامہ راجہ ناصرتعزیتی جلسے میں شریک ہوں گے، اسد قیصر نے کہا مذاکرات کےلئے بھیک نہیں مانگ رہے، مختلف جیلوں میں 5ہزار قیدی اور لاتعداد زخمی ہیں،حکومت پر ہے مذاکرات کرے یا نہ کرے۔