جوڈیشل کمیشن میں سیاسی تعیناتیوں کا خطرہ بڑھ گیا،جسٹس منصور علی شاہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جوڈیشل کمیشن میں ایگزیکٹو کی اکثریت سے سیاسی تعیناتیوں کا خطرہ بڑھ گیا،سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے اپنی تجاویز ارسال کرتے ہوئے رولز میکنگ کمیٹی کے سربراہ جسٹس جمال مندوخیل کو خط لکھ دیا۔

اپنے خط میں جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ججز تعیناتی میں عدلیہ کا اہم کردار ہوتا تھا، 26ویںترمیم کے بعد توازن بگڑ چکا اب ججز تعیناتی میں ایگزیکٹو کا کردار بڑھ گیا،ایک بھی تعیناتی سخت رولز کی کسوٹی کےخلاف ہوئی تو عدلیہ پر اعتماد میں کمی آئے گی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا جوڈیشل کمیشن کے رولز بنانے کا معاملہ عدلیہ کی آزادی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے، آئین کا آرٹیکل 175(4) جوڈیشل کمیشن کو رولز بنانے کیلئے بااختیار بناتا ہے،آئینی ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن میں عدلیہ اقلیت و ایگزیکٹو اکثریت میں ہے، ایگزیکٹو کی اکثریت سے سیاسی تعیناتیاں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، شفاف رولز کے تحت ہونے والی تعیناتیاں عدلیہ کی آزادی یقینی بنائیں گی۔