کمیٹی کی سفارشات پر پالیسی میں ترمیم، جیلوں میں بند قیدیوں کو آبائی اضلاع میں منتقل کا فیصلہ

لاہور (مرزا ندیم بیگ) قیدیوں کے اہل خانہ کی سہولت کیلئے ہوم سیکرٹری پنجاب نور الامین مینگل کی ہدایت پر قیدیوں کو جیلوں میں رکھنے اور دوسری جیلوں میں منتقل کرنے کیلئے موجودہ پالیسی پر کمیٹی کے ذریعے نظر ثانی کی گئی ہے۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے موجودہ پالیسی میں ترمیم کی ہے۔نئی وابستگی پالیسی کے مطابق تمام قیدیوں کو انکے آبائی اضلاع میں منتقل کیا جائیگا۔ پہلے مرحلے میں 31 دسمبر 2024 تک ایسے قیدیوں کو انکے آبائی اضلاع یا آبائی اضلاع کی قریب ترین جیلوں میں منتقل کیا جائیگا جو آدھی سزا کاٹ چکے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں 15 فروری 2025 تک ایسے قیدی جن کی آدھی سزا ابھی باقی ہے کو منتقل کیا جائے گا۔اگر کوئی قیدی اپنے آبائی ضلع منتقل ہونے کیلئے رضامند نہ ہو تو اسکی وجوہات کو دیکھتے ہوئے ریجنل ڈی آئی جی منظوری کیلئے کیس آئی جی جیل خانہ جات کو بھیجے گا۔خواتین قیدیوں کو بھی انکے آبائی اضلاع کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا بشرطیکہ وہاں خواتین کیلئے الگ بارکس موجود ہوں۔ اگر الگ بارکس موجود نہ ہوں تو انہیں انکے آبائی اضلاع کی قریب ترین جیلوں میں منتقل کیا جائیگا یا پھر وہ جس جیل میں رہنے کیلئے رضامند ہوں۔ایسے قیدی جن کی عمر 65 سال سے زائد ہے انکی عمر کی قومی شناختی کارڈ یا میٹرک سرٹیفکیٹ سے تصدیق کے بعد باقی سزا کے دورانیہ سے قطع نظر فوری طور پر انہیں انکے آبائی اضلاع کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔ایسے قیدی جن کو گزشتہ ایک سال میں جیل قوانین کی خلاف پر تین بار سزا ہوئی ہو انہیں انکے آبائی اضلاع کی جیلوں میں منتقل نہیں کیا جائے۔ جیل سٹاف پر حملہ کرنے والے ، فرار کی کوشش کرنے والے ، فرار کی کوشش میں معاونت کرنے والے اور جیل میں ہنگامہ آرائی والے قیدیوں پر تین بار سزا والی شرط لاگو نہیں ہوگی اور نہ ہی انہیں انکے آبائی اضلاع کی جیلوں میں رکھا جائے گا۔