دمشق:(مشرق نیوز)چند دنوں میں ڈرامائی انداز سے بشار الاسد کا تختہ الٹنے والے ابو الجولانی حیران کن صلاحیتوں کے مالک ہیں۔
ابو الجولانی کی قیادت میں حیات تحریر الشام (HTS) شام میں حزب اختلاف کی سب سے طاقتور مسلح قوت بن چکی ،شامی فوج کو ناکوں چنے چبوائے،ابو الجولانی نے طویل عرصہ القاعدہ، داعش و دیگر مسلح جماعتوں کےساتھ گزارا ،تقریباً ایک دہائی سے خود کو دیگر مسلح جماعتوں سے الگ کرکے اپنی الگ شناخت بنائی، ابو الجولانی کا اصل نام احمد حسین الشارع ہے ،1982 میں سعودی عرب کے شہر ریاض میں پیدا ہوئے ،والد پیٹرولیم انجینئر کے طور پر کام کرتے تھے،خاندان 1989 میں شام آیا اور دمشق کے قریب آباد ہوا۔
2003 میں ابو الجولانی عراق گئے اور امریکی حملے کی مزاحمت میں القاعدہ میں شمولیت اختیار کی،2006 میں امریکی فوج کے ہاتھوں گرفتار بھی ہوئے تاہم 5 سال قید کے بعد رہا کردیا گیا،ابو الجولانی نے اسلامک سٹیٹ ان عراق کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے ساتھ رابطہ قائم کیاپھرشام واپس لوٹ آئے،شام میں ابو بکر البغدادی کے حکم پر القاعدہ کی شاخ النصرہ فرنٹ قائم کرنے کی ذمہ داری نبھانے کےساتھ حزب اختلاف کے زیر انتظام علاقوں خاص طور پر ادلب میں اپنا اثر و رسوخ بڑھایا۔
اپریل 2013 میں ابوبکر البغدادی نے اچانک اعلان کیا داعش اب القاعدہ سے خود کو جدا کر رہی ہے اور شام میں اپنی جماعت کو پھیل جانے کا حکم دیا،ابو بکر البغداری نے ابو الجولانی کی النصرہ فرنٹ کو داعش میں ضم کرنے کی کوشش کی تاہم ابو الجولانی نے القاعدہ سے اپنی وفاداری برقرار رکھی اور داعش سے راہیں جدا کرلیں،الجولانی نے اپنے علیحدہ گروپ جبہت فتح الشام کا اعلان کیا اور حلب سے ادلب آنےوالے فرار ہزاروں جنگجوﺅں کو اپنے گروپ میں شامل ہونے کی دعوت دی،ابو الجولانی نے بہت سے چھوٹے چھوٹے جنگجو گروپوں کو اپنے ساتھ ملایا اور تنظیم کو حیات التحریر الشام کے نام سے منظم کیا،بنیادی مقصد شام کو اسد خاندان کی مطلق العنان حکومت سے آزاد کرانا اور ملک کو ایرانی ملیشیا سے آزاد کرا کر اسلامی جمہوری ملک بنانا تھا،ہدف کےساتھ ابو الجولانی کےساتھ متعدد جنگجو دھڑے جیسے حرکتہ نورالدین الزینکی، لیوا الحق اور جیش السنہ جڑتے چلے گئے،ابو الجولانی اپنے پیشرو ابو بکر البغدادی کے مقابلے میں عالمی قوتوں کےلئے بھی قابل قبول بنتے گئے۔
چند دنوں میں بشار الاسد کا تختہ الٹنے والے ابو الجولانی حیران کن صلاحیتوں کے مالک


















