لاہور(خبر نگار ) اسلام آباد واقعہ کے بعد عمران خان اور تحریک انصاف کی مشکلات میں اضافہ ہوگیاجس کے بعد پارٹی قیادت اور کارکنان کی جانب سے عمران خان کی رہائی کو سخت شرائط سے مشروط کرنے کے موقف میں نرمی آئی ہے جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف پنجاب کی قیادت کھل کر سامنے آنے کی بجائے بیک ڈور سیاست کرنے پر مجبور نظر آرہی ہے۔ اسلام آباد میں مارچ کے دوران سینکڑوں کارکنوں کی ہلاکت کے بعد پارٹی قیادت مبینہ طور پر بکھرنا شروع ہو گئی ہے، اسلام آباد میں احتجاج پر بھی پارٹی رہنماﺅں کی رائے میں اختلاف پایا گیا ہے، کچھ لوگ اس احتجاج کے حق میں نہیں تھے لیکن اس کے باوجود احتجاج پر جانا ان کی مجبوری بن گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان پارٹی رہنماﺅں کی رائے کا احترام کرنے کے بجائے فیصلہ تھوپنے کے حق میں تھے تاہم اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد ایک حلقہ اس احتجاج کا حامی اور دوسرا تحریک انصاف کی قیادت کا خاموش واپس لوٹ جانے کے عمل کی شدید مخالفت میں ہے او ر اس عمل پر سخت ناراض اور غم و غصہ کا شکار پایا جاتا ہے البتہ اب پارٹی قیادت عمران خان کی رہائی کیلئے رکھی گئی سخت شرائط کے موقف سے ممکنہ طور پر پیچھے ہٹتی نظر آرہی ہے۔
اسلام آباد احتجاج کے بعد تحریک انصاف کی مشکلات میں اضافہ، رہنماﺅں میں اختلافات


















