لاہور (اپنے نمائندے سے) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کے زیرصدارت ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنماو¿ں کا کرم پارہ چنار، سدہ (خیبرپختونخوا) کی صورتحال پر لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے تیسرا اجلاس ہوا۔ خصوصی اجلاس میں سید ناصر شیرازی، علامہ عارف حسین واحدی، مفتی گلزار نعیمی، عبدالواسع، طاہر رشید تنولی، ڈاکٹر علی عباس نقوی، عبداللہ حمید گل نے شرکت کی۔ لیاقت بلوچ اور دیگر رہنماوں نے اجلاس سے پہلے کرم پارہ چنار، سدہ کے مشران، قائدین سجاد سید، سجاد حسین طوری، سید تجمل حسین، جلال حسین، شبیر حسین ساجدی، منیر حسین، سلیمان رحیم گل، حاجی سلیم، حاجی کریم خان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ اور مشاورت کی۔ ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنماوں کے اجلاس نے کرم میں بدامنی، کشیدگی اور قتل و غارت گری کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا۔ ملی یکجہتی کونسل خیبرپختونخوا کے صدر عبدالواسع نے اجلاس کو حالات سے متعلق تفصیل سے بریف کیا اور میزبان سید ناصر شیرازی نے بھی حکومتی مشران اور منتخب نمائندوں سے رابطوں کی تفصیلات سے آگہی دی۔ مرکزی رہنماو¿ں نے مشترکہ اعلامیہ پر اتفاق کیا۔ لیاقت بلوچ نے ملی یکجہتی کونسل کے مشترکہ مو¿قف کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی اجلاس میں شام میں ازسرنو بدامنی، دہشت گردی، فرقہ وارانہ کشیدگی اور جنگ مسلط کرنے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بدنام زمانہ دہشت گرد گروہوں کو امریکی، اسرائیلی سرپرستی حاصل ہے اور خاص مقاصد کیلئے نیا محاذِ جنگ کھولا جارہا ہے۔ شام میں جنگ، فرقہ واریت اور دہشت گردی مسلط کرنے کا واحد مقصد عالم اسلام میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانا اور فلسطینیوں، غزہ کے مظلوموں کے مصائب و مشکلات میں اضافہ کرنا ہے، تاکہ شام کو فلسطین کی حمایت سے روکا جاسکے۔ عالم اسلام کی قیادت فلسطینیوں پر اسرائیل کی مسلط قیامت کے خاتمہ اور خرابیوں کے کھلتے نئے محاذوں کا سدباب کرے۔ امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حلف سے پہلے جاری بیان امن، انسانیت نہیں ظلم اور دہشت گردی پھیلانے کا بیان ہے۔
بدنام زمانہ دہشت گرد گروہوں کو امریکی، اسرائیلی سرپرستی حاصل ہے : ملی یکجہتی کونسل

















