کینیڈا کے وزیراعظم ٹروڈو کے ساتھ سرحد، تجارت پر بات کی ہے: ٹرمپ

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تجارتی جنگ کے خدشے کے درمیان کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیزملاقات میں انہوں نے سرحد، تجارت اور توانائی کے موضوع پر تبادل خیال کیا۔غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق ٹروڈو نے فلوریڈا کا غیر اعلانیہ دورہ کیا اور ٹرمپ کے ساتھ انکی مارالاگو رہائشگاہ پر عشائیے میں شرکت کی۔ ریپبلکن ٹرمپ نے جنوری میں صدر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کینیڈا اور میکسیکو کی درآمدات پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کا عہد کیا جس کے چند دن بعد یہ ملاقات ہوئی۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ہم نے کئی اہم موضوعات پر تبادل خیال کیا جن سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہو گی مثلا فینٹینیل اور منشیات کا بحران جس نے غیر قانونی ترکِ وطن کے نتیجے میں کئی زندگیاں تباہ کر دی ہیں، منصفانہ تجارتی سودے جو امریکی کارکنوں کو خطرے میں نہ ڈالیں اور امریکہ کا کینیڈا کے ساتھ بہت زیادہ تجارتی خسارہ۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹروڈو نے امریکی خاندانوں کی اس خوفناک تباہی کو ختم کرنے کے لیے ہمارے ساتھ کام کرنے کا عہد کیا ہے۔