”عمران صحت مند،اڈیالہ جیل سے منتقلی افواہیں بے بنیاد“

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جیل انتظامیہ نے عمران خان کی اڈیالہ سے منتقلی افواہوں کو غلط قرار دےدیا۔

اڈیالہ جیل ذرائع نے کہابانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں ،صحت بھی بالکل ٹھیک ہے، اڈیالہ سے منتقلی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،عمران خان معمول کے مطابق اپنے سیل میں موجود ہیں، سیل کو تھانہ نیو ٹاون کا حصہ قرار دیا گیا ،پولیس نے 28 ستمبر کے احتجاج مقدمے میں گرفتاری ڈالی ۔

جیل ذرائع نے کہاڈاکٹر روزانہ عمران خان کا طبی معائنہ کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر و شوگر لیول نارمل ،روزانہ 2 بار ورزش کرتے ہیں،جیل مینول کے مطابق تمام سہولیات دستیاب ہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت و کھانے کا خاص خیال رکھا جاتا،سکیورٹی کےلئے عملہ ہر وقت تعینات رہتا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے عمران خان تک رسائی کا مطالبہ کردیا ،اعلامیے کے مطابق سابق وزیراعظم کی صحت وسلامتی نہایت حساس معاملہ ہے، قوم کے خدشات سنگین تر ہورہے ہیں،بانی پی ٹی آئی تک اہلخانہ، وکلا اور جماعت کے ذمہ داروں کی رسائی بحال کی جائے، عدالت عمران خان کی جیل میں سکیورٹی کو ہر لحاظ سے فول پروف بنائے۔