رواں ماہ سے اجتماعی شادیاں کرانے کا باقاعدہ آغاز کرنے کا فیصلہ

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت رواں ماہ دسمبر سے اجتماعی شادیاں کروانے کا باقاعدہ آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر دھی رانی پروگرام کے تحت تشکیل دی جانے والی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ہواجس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سیاسی مشیر ذیشان ملک نے خصوصی شرکت کی ۔ اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود اور ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان ،سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ، عثمان علی خان، کمشنر لاہور زید بن مسعود اور ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے شرکت کی ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان نے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ اور معاون خصوصی ذیشان ملک سمیت اجلاس کے شرکا ءکو دھی رانی پروجیکٹ پر پیشرفت بارے آگاہ کیا ۔ اجلاس کے شرکاءکو بتایا گیا کہ دسمبر 2024ءسے اجتماعی شادیاں کروانے کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائیگا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دست شفقت سے اس نیک عمل کا آغاز لاہور سے کیا جائیگا،ایسی غریب یتیم اور جسمانی معذوری کا شکار خواتین جن کے والدین معذور ہیں اور ان کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہو وہ اس پروگرام میں شمولیت کی اہل ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، دھی رانی پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں پہلے مرحلے میں 1500 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاںکروائی جائیں گی،دھی رانی پروجیکٹ بارے جن افراد کو شکایات ہیں وہ سیکرٹری سوشل ویلفیئر کے دفتر میں براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا اعلان حقیقی فلاحی اسلامی ریاست کی طرف ایک اہم قدم ہے ،اجتماعی شادیوں کے دوران جوڑوں کو دی جانے والی سلامی کی رقم ایک لاکھ روپے ہے ،اجتماعی شادیوں کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دیے جانے والے تحفوں کی خریداری پیپرا قوانین کے عین مطابق کی جائیگی ،اس عمل کا مقصد جوڑوں کیلئے تحائف کی خریداری کے عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنا ہے۔