دھرنا تحریک عمران خان کی کال تک جاری رہے گی،گنڈا پور

اسلام آباد،پشاور،مانسہرہ:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے اسلام آباد احتجاج منسوخ کردیا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہاپرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی ،سینکڑوں نہتے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا،پرامن احتجاج کیلئے ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور شمالی پنجاب کے اضلاع سے آگ و خون کا دریا عبور کر کے مکمل پرامن انداز میں ڈی چوک پہنچنے والے کارکنوں و شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،دنیا بھر میں بانی چیئرمین عمران خان کی کال پر تاریخی احتجاج کرنے والے اورسیز پاکستانیوں کے بھی شکرگزار ہیں۔

دریں اثنا مانسہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہادھرنا تحریک عمران خان کی کال تک جاری رہے گی،بدقسمتی سے پچھلے اڑھائی سال سے پارٹی کےساتھ جبر اور ظلم کیا جارہا ہے،جعلی پرچے کاٹے گئے،مینڈیٹ چوری کیا گیا، لیڈر ناجائز جیل میں ہے، ووٹر تک کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں ،پرامن احتجاج کی اجازت نہیں ملتی،چوائس یہی ہے جلسے کی اجازت نہ ملنے پر خود احتجاج کریں ۔

علی امین گنڈا پور نے کہا دھرنا بانی پی ٹی آئی کے اختیار میں ہے اور جاری ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا دھرنا تب تک جاری رہے گا جب تک میں نہ کہہ دوں، پورے پاکستان کو بتانا چاہتا ہوں دھرنا جاری ہے،ضروری نہیں دھرنے میں عوام ہوں،کارکنوں کو گولیاں ماری گئیں،شہدا کا ڈیٹا ابھی آرہا ہے،وزیراعلیٰ ملک میں انصاف نہ لے سکے تو عوام کی کیا حیثیت ہے، اپنے ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں،گرفتار ورکرز کو رہا کرائیں گے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا بانی پی ٹی آئی کے ورکرز ہیں،جان بھی قربان ہے، فرنٹ لائن پر کھڑے ہوں گے، آئین و قانون کی پاسداری سب سے پہلی اور ضروری بات ہے،وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور،بشریٰ پر ڈی چوک اور مختلف جگہوں پر قاتلانہ حملہ ہوا، شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

مزید برآںمشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا حکومت نے ظلم و بربریت کی ایک اور داستان رقم کردی، ماڈل ٹاو¿ن کے بعد سانحہ ڈی چوک بھی جعلی حکومت کے ماتھے کا جھومر بن گیا،حکومت ظلم کر کے ہار گئی اور پی ٹی آئی ظلم برداشت کر کے جیت گئی ایسا ظلم کیا گیا جب تاریخ لکھی جائے گی تو قلم بھی کانپ جائےگا۔

بیرسٹرسیف نے کہانہتے کارکنوں پر گولیاں برسانا خوفزدہ ہونے کا ثبوت ہے، جعلی و ظالم حکومت نے 18 اور 20 سال کے عمر کے نوجوانوں کے سروں میں گولیاں اتاریں،ظلم اور بربریت کے ذریعے عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا ، عطا تارڑ نے قتل گاہ میں پریس کانفرنس کرکے اپنے آپ کو وقت کا ابن زیاد ثابت کیا، ظلم و جبر کے بعد عطا تارڑ کی پریس کانفرنس یزیدیت کی نئی مثال ہے،حکومت ماتم کی بجائے جشن منا رہی ہے، پی ٹی آئی کو فوری طور پر سینٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے۔