شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، 3 شہید

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی ،3 اہلکار شہید ہوگئے۔

دریں اثنا شہید رینجرز اہلکاروں پر شر پسندوں کی جانب سے گاڑی سے کچلنے پر ڈیوٹی پر مامور جوانوں کے چشم کشا بیانات منظر عام پر آگئے،اسلام آباد میں ڈیوٹی پر ما مور رینجرز اہلکاروں کے مطابق رات2سے 3 بجے دھرنے والی سائیڈ سے تیز رفتار گاڑی آئی جو رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو مار کر آگے نکل گئی،گاڑی کی لائٹس بھی بند تھیں ،جوانوں کو سیدھا نشانہ بنایاگیا، واقعہ میں 3جوان شہید اور 3 زخمی ،اسلام آباد پولیس کے بھی3 اہلکار زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا میں گمراہ کن پروپیگنڈا کر کے حقائق کو چھپانے کی مذموم کوشش کی گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور رینجرز اہلکاروں کے بیانات آنے کے بعد جھوٹ اور فیک نیوز پھیلانے والے عناصر بے نقاب ہو گئے،سکیورٹی ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، واقعے میں ملوث شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

دوسری جانب رینجرز اہل کاروں پر شرپسندوں کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے شرپسندوں کی گاڑی نے ڈیوٹی پر مامور رینجرز اہلکاروں کو کچل ڈالا، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق افسوسناک واقعہ 26 نومبر 2024 کی رات 2 بج کر 44 منٹ پر پیش آیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے شرپسندوں کی تیز رفتار گاڑی درخت کے عقب سے آتے ہوئے رینجرز اہلکاروں کو کچلتے ہوئے آگے نکل گئی، افسوس ناک واقع میں رینجرز کے 3اہلکار شہید ہو گئے اور3 شدید زخمی ہوئے۔

ادھرصدر مملکت آصف زرداری،وزیر داخلہ محسن نقوی،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو و دیگر نے شاہراہ سرینگر پر رینجرز اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاامن و امان کیلئے موجود پولیس، سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے۔