ادب سے درخواست مل بیٹھیں، دھرنے یا ترقی؟فیصلہ کرنا ہوگا:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)خوشحالی کیلئے معاشی و سیاسی استحکام ناگزیر،دھرنے،لانگ مارچ یا ترقی؟ادب سے درخواست ہے ملکی خوشحالی کیلئے مل بیٹھیں۔

نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہر موقع پر دھرنا ہوتا ہے، کیا یہ پاکستان کے مفاد میں ہے؟ اگر دہشت گردی پر قابو نہ پایا گیا تو ترقی و خوشحالی کے خواب ادھورے رہ جائیں گے،امن و امان کی بحالی ترجیح ہے جس کے بغیر معیشت اور دیگر مسائل حل نہیں ہو سکتے،موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے،دھرنوں اور مظاہروں کے رویے سے اجتناب کرنا ہوگا،آئی ایم ایف کے پروگرام کےلئے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اور چین کی مدد سے معیشت میں استحکام آ رہا ہے، مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ،سٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ 22 سے 15 فیصد پر آ گیا،پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے جنہیں درست حکمت عملی اور قانونی طریقہ کار کے تحت بروئے کار لایا جا سکتا ہے،اگر اشرافیہ قربانی دے گی تو نیچے تک مثبت اثرات آئیں گے اور غریب عوام کو ریلیف ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان سنگین چیلنجز سے گزر رہا ہے، دہشتگردی کا خاتمہ، قومی یکجہتی، معیشت کی بحالی سب سے اہم مسائل ہیں،ملکی ترقی اور سیاسی اتحاد دہشت گردی کے خاتمے سے مشروط ہیں، پورا پاکستان خوفزدہ ہے نہ جانے کب ان کے بچے یا گھر والے کسی واقعے کا شکار ہو جائیں گے،خاص طور پر بلوچستان میں حالات بدترین ہیں، جہاں بی این اے کی کارروائیاں درندگی کی عکاسی کرتی ہیں، دنیا حیران تھی پاکستان نے دہشت گردی پر قابو پا لیالیکن آج یہی دنیا مذاق اڑا رہی ہے، امن و امان کی بحالی ترجیح ہے جس کے بغیر معیشت اور دیگر مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

شہباز شریف نے تمام سیاسی قوتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اگر ترقی اور خوشحالی عزیز ہیں تو فیصلہ کریں ہم دھرنے دیں یا ترقی کے مینار کھڑے کریں، ٹھنڈے دل سے مسائل پر غور کیا جائے اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے،آئی ایم ایف کے پروگرام کےلئے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اور چین کی مدد کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم کہا اقدامات کے نتیجے میں معیشت میں استحکام آ رہا ہے، برآمدات اور بیرون ملک سے ترسیلات زر میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا، تمام اشارے ظاہر کرتے ہیں معیشت مستحکم ہو رہی ہے، لیکن ترقی و خوشحالی کےلئے مزید محنت اور قربانی کی ضرورت ہے،پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے جنہیں درست حکمت عملی اور قانونی طریقہ کار کے تحت بروئے کار لایا جا سکتا ہے

وزیراعظم نے ریکوڈک اور پنجاب کے جنوبی علاقوں کے وسائل کی مثال دیتے ہوئے کہا خزانوں کو نکالنے کےلئے پہلے قانونی پیچیدگیاں ختم کرنا ہوں گی، اربوں روپے صرف فیسوں پر ضائع ہو چکے ہیں لیکن وسائل کو صحیح طریقے سے استعمال کرکے ملک کو خوشحال بنایا جا سکتا ہے، جاپان اور جرمنی تباہی کے بعد بھی محنت، دیانت، اور قربانی کے ذریعے ترقی کی منازل طے کر چکے ہیںاور پاکستان کے پاس بھی یہی راستہ ہے۔

شہبازشریف نے ملک کی اشرافیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا غریب عوام نے ہمیشہ قربانیاں دیںلیکن اب وقت ہے اشرافیہ قوم کےلئے کچھ کرے، اگر اشرافیہ قربانی دے گی تو نیچے تک مثبت اثرات آئیں گے اور غریب عوام کو ریلیف ملے گا،شہباز شریف نے نیشنل ایکشن پلان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا 2014 میں تمام سیاسی ، مذہبی قیادت نے مل کر دہشت گردی کے خاتمے کےلئے اقدامات کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں 2018 تک دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوا، موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کےلئے بھی اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے، تمام ترقیاتی اقدامات امن و امان کے قیام ، دہشت گردی کے خاتمے سے جڑے ہیں، اجلاس میں موجود تمام وفاقی وزرائ، چاروں وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت، اور مسلح افواج کے افسران کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی تبھی ممکن ہوگی جب ہم سب مل کر قربانی دیں گے اور اپنے ملک کو درپیش چیلنجز کا حل نکالیں گے۔

وزیراعظم نے ملک میں معاشی استحکام میں کردار ادا کرنے پر صوبوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آئی ایم ایف پروگرام کو منظور کرانے میں صوبوں نے وفاق کےساتھ بھرپور تعاون کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کی سٹاک ایکسچینج تاریخ کی سب سے اونچی سطح پر آگئی ، ملک میں آئی ٹی کی ایکسپورٹس اور بیرونی ترسیلات میں نمایاں اضافہ ہوا ،حالیہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہو گا لیکن یہ کہنے سے نہیں محنت دیانت اور خون پسینہ بہانے کا نام ہے اس کےلئے چاروں صوبوں اور وفاق کو ساتھ ملکر چلنا ہوگا،شہباز شریف نے کہا ٹیکس محصولات میں بالکل اضافہ ہونا چاہیے ، کھربوں روپے کی چوری کو روکنے اور ملکی خزانے میں جمع کرانے سے قرضوں سے جان چھوٹے گی، ہماری حکومت کو معرض وجود میں آئے 8 ماہ ہوئے ہیں اور اب تک کوئی سکینڈل اخباروں کی زینت نہیں بنا جس پر سب داد کے مستحق ہیں

شہباز شریف نے کہا محنت کےساتھ ہم آسمان کی اونچائیوں کو چھو سکتے ہیں، ملکر ملک کےلئے کام کرنا ہوگا اگر ملکر کام کریں گے تو دنیا کی کوئی میلی آنکھ ہماری طرف نہیں دیکھ سکتی اور اگر دیکھے گی تو پاوں سے روندی جائے گی،وزیراعظم ہاو¿س میں جاری اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔