لوڈشیڈنگ بڑھ گئی، گنڈاپور کترا رہے کہیں بٹن دبانے سے اپنا فیوز نہ آف ہوجائے: گورنر کے پی

پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھنے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اب بٹن آف کرنے سے کترارہے ہیں کہ کہیں ان کا اپنا فیوز نہ آف ہوجائے،فیصل کریم کنڈی نے کہا بجلی لوڈشیڈنگ تو ہمارے وزیراعلیٰ نے اپنے سر لے لی تھی، کہتے تھے لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو تربیلا سے بٹن آف کردوں گا، میں انتظار میں ہوں ہمارے وزیراعلیٰ وہ بٹن کب آف کریں گے، لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے کم نہیں ہوئی، ایسے دعوے نہیں کرنے چاہئیں، کہہ رہے تھے بٹن بند کردوں گا پورے پاکستان کی بجلی بند ہوجائے گی،گورنر کے پی نے مزید کہا کوشش ہے گورنر شپ کے ہوتے ہوئے اپنے صوبے کے مسائل حل کریں، کوشش ہے صوبے کے لوگوں کو گیس مسائل کا سامنا نہ ہو، ہماری سوئی گیس کے محکمے سے بھی بات چیت جاری ہے، گیس کی لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی ہے۔