امریکہ، نئے پاکستانی سفیر نے بھی کمیونٹی، صحافیوں کو نظرانداز کرنے کی پالیسی اپنالی
نیویارک (خواجہ فاروق) امریکہ میں نئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے بھی کمیونٹی، صحافیوں کو نظرانداز کرنے کی پالیسی اپنالی۔ رضوان سعید شیخ نے مسعود خان کی جگہ عہدہ سنبھالا تو امید ظاہر کی گئی سب کو ساتھ لیکر چلیں گے لیکن چند دن بعد ہی تمام امیدیں ملیامیٹ ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق نئے پاکستانی سفیر نے کمیونٹی و صحافیوں کو نظرانداز کرکے منتخب شخصیات سے ملاقاتوں کو اپنی پالیسی کاحصہ بنالیا، کمیونٹی اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ رضوان سعید شیخ کی جانب سے اختیار کیا گیا طریقہ کار تقسیم کو مزید گہرا کرنے کا موجب بن رہا ہے۔ دورہ نیویارک میں صرف مخصوص شخصیات سے ملاقاتوں نے کمیونٹی اور صحافیوں کیساتھ رابطوں پر تنازع، تقسیم کے خدشات بڑھا دئیے۔ ناقدین نے کہا کہ پریس اتاشی ضیغم عباس اور پاکستان کے اقوام متحدہ کیلئے پریس قونصلر امانت علی کی جانبداری سے بھی عدم اطمینان میں اضافہ ہورہا ہے اور سفارتکاروںکے اقدامات کشمیر جیسے مسائل پر مشترکہ کوششوں کی حمایت کرنیوالوں کے درمیان ناراضگی کا باعث ہیں۔ چودھری افتخار تارڑ سمیت نمایاں کمیونٹی رہنماﺅں و قانونی شخصیات نے کہا کہ سفارتکاروں کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے۔ امریکہ میں سفارتی حکمت عملی و نمائندگی کا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ تبدیل ہونے کے باوجود اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم کی بدستور تعیناتی نے بڑے سوالات اٹھا دئیے، ٹرائیکا صرف اپنے مفادات کے حصول کیلئے سرگرم عمل ہے، ملکی مفادات کیلئے کوئی کام نہیں ہو رہا، اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں۔ یہ امریکی انتخابات میں تبدیلی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ سے بہترین تعلقات استوار کرنے کا سنہری موقع ہے، نااہل سفارتکاروں کو تبدیل نہ کیا گیا تو امریکہ کیساتھ تعلقات مزید کمزور ہونے کیساتھ پاکستانی کمیونٹی کے اندر تقسیم بڑھے گی، فوری اقدامات وقت کا تقاضا ہیں۔


















