راولپنڈی،لاہور :(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)جی ایچ کیو حملہ کیس میںعمران خان ودیگر پر فرد جرم تیسری بار ٹل گئی،قریشی کو پیش کرنے کاحکم،دوسری جانب 9 مئی مقدمات میں جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی کے 16 کارکنوں کو بیگناہ قرار دیدیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو شیخ رشید ، امجد خان نیازی، عمر تنویر بٹ، واثق قیوم، میجر طاہر صادق، عمر ایوب و دیگر کے وکلا نے اپنے دلائل دئیے،عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیش نہ ہونےوالے ملزموں کو چالان کی اضافی نقول تقسیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی، آئندہ تاریخ پر سرکاری وکلا بریت درخواستوں پر جوابی دلائل دیں گے۔
دریں اثنا انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں فرد جرم کیلئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 25 نومبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دےدیا،دوران سماعت پولیس کی جانب سے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں نیا انسپکشن نوٹ جمع کرایا گیا، نوٹ جی ایچ کیو گیٹ کے اطراف 54 مقامات سے جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر تیار کیا گیا ،انسپکشن نوٹ میں ملزموں کی جی ایچ کیو گیٹ پر حملے کے دوران مختلف اطراف سے آمد ،پی ٹی آئی کے جھنڈے، ٹوپیاں، پٹرول بم برآمد ہونے کا ذکر ہے
دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کی آزاد قیادت کو وقت اجازت دے تو کوٹ لکھپت جیل آئیں،میرا 40 سالہ سیاسی تجربہ ہے، اچھا مشورہ دوں گا،ہم خیال سیاسی جماعتوں کو مشترکہ نکات پر ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے، بلاول بھٹو ن لیگ پر تنقید کی بجائے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس بلا کر جمہوری قوتوں کےساتھ کھڑے ہوں،سپریم کورٹ ،ہائی کورٹ کے جج شدید مشکلات کا شکار ہیں،بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت کرتا ہوں،پوری قوم، وکلا، نوجوان 24 نومبر کو باہر نکلیں، حقوق کی آواز بلند کریں، کارکن پرامن رہیں، قانون ہاتھ میں نہ لیں
مزید برآں لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاوس حملہ اور جلاو گھیراو کیس پر سماعت ہوئی،9 مئی مقدمات کی تحقیقات کےلئے قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے پی ٹی آئی کے 16 کارکنوں کو بے گناہ قرار دےدیا،رپورٹ کی روشنی میں وکلا صفائی کی بےگناہ ہونے پر ملزموں کی عبوری ضمانت واپس لینے کی استدعا عدالت نے منظور کرلی ۔
جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس،عمران پر فرد جرم تیسری بار ٹل گئی،قریشی کو پیش کرنے کاحکم

















