عمران خان کو جلد رہا کرایا جائے ،اراکین کانگریس کاجوبائیڈن کو ایک اور خط

واشنگٹن:(خواجہ فاروق)عام انتخابات دھاندلی زدہ،عمران خان کو جلد رہا کرایا جائے ،امریکی اراکین کانگریس نے جوبائیڈن کو ایک اور خط لکھ دیا۔

46اراکین نے خط میں الزام عائد کرتے ہوئے کہاپاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور جمہوری اقدار کی پامالی ہو رہی ہے ،فوری اقدامات کیے جائیں،یواین ورکنگ گروپ رپورٹ کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی و دیگرسیاسی قیدیوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے، 2024کے ناقص الیکشن کے بعد انسانی حقوق پامال کیے گئے، اہم سیاسی جماعت پی ٹی آئی کوانتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی، مختلف حربوں کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں نے آزاد حیثیت میں کامیابی سمیٹی۔

خط میں مزید کہا گیامتنازع الیکشن پردولت مشترکہ مبصرین اور یورپی یونین رپورٹس کوعوامی سطح پر جاری کرنے سے روکا گیا،بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماوں کو مسلسل پابند سلاسل رکھنا ،عوامی آزادیوں، خاص طور پر آزادی اظہار کو محدود کرنا تشویشنا ک ہے،عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول سیاسی رہنما ہیں۔

اراکین کانگریس نے خط میں کہا پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی تشویش کو سفارت خانے کی پالیسیوں میں شامل نہ کرنے پر افسوس ہے،اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے،اسلام آباد میں نئے سفیر کو انسانی حقوق و جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے مشن کا پابند کیا جائے۔

خط میں نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کا بھی حوالہ دیا گیا جس میں قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا حکومت اپنی قانونی حیثیت قائم کرنے میں ناکام رہی ہے،خط امریکی کانگریس کی پاکستان میں جمہوریت و انسانی حقوق کے بحران پر بڑھتی تشویش کو اجاگر کرتا ہے،معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے، امریکہ کی انسانی حقوق اور جمہوریت کی بحالی پالیسی کو آگے بڑھایاجائے۔