قلات،چیک پوسٹ پر حملہ، 7 اہلکار شہید،15سے زائد زخمی

کوئٹہ،اسلام آباد:(مانیٹرنگ ڈیسک،بیورورپورٹ)بلوچستان کے شہر قلات میں چیک پوسٹ پر حملہ ،7 اہلکار شہید ،15 سے زائد زخمی ہوگئے،دہشتگردوں نے قلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا،فائرنگ کے نتیجے میں 7اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ،وزیر داخلہ ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ رہے گی۔

شہبازشریف نے زخمی ہونےوالوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم اورملوث دہشتگردوں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہابزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے،انتشار و بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے لوگوں اور ترقی کے دشمن ہیں، مذموم ہتھکنڈے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم نے کہادشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے،عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا شہدا نے اپنے خون سے امن کی آبیاری کی ،اہلکاروں نے شہادت کا بلند رتبہ پایا،سلام پیش کرتے ہیں،عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،قرض کبھی نہیں اتار سکتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ارض وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے قوم کے دلو ں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے،پیپلز پارٹی دہشت گردی کی تمام شکلوں کی شدید مذمت کرتی ہے،بزدلانہ کاروائیاں دہشتگردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔