لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں کیپٹل ہل اور پاکستان میں آرمڈ فورسز پر حملہ دو الگ معاملات ہیں ،اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ کا صدر ہونا بہت بڑی پوزیشن ہے لیکن ہر ملک کے اپنے قوانین اور خود مختاری ہوتی ہے ۔ ایک انٹرو یو میں گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک احمد خان نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کیلئے عام معافی کے اعلان اور 9 مئی کے تناظر میں سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں اس معاملے میں ایک لائن کھینچنا ہو گی ،اس کیس میں دیکھیں کہ امریکہ میں جہاں حملہ کیا گیا وہ جمہوریت کی علامت تھے اورووٹرز نے جمہوریت کی علامت پر حملہ کرنے والوںکو ووٹ کے ذریعے نکال دیا ۔ہمارے کیس میں آرمڈ فورسز پر حملہ کیا گیا ہے اور یہاں لائن کھینچنے پڑے گی ۔انہوںنے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عمران خان کی رہائی کیلئے دباﺅ کے سوال کے جواب میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ کاصدر ہونا ایک بہت بڑی پوزیشن ہے ، لیکن ان کے کیا مراسم ہےں میں ان سے واقف نہیں ہوں لیکن یہ کیسے کہا جا سکتاہے کیونکہ ہر ملک کے اپنے قوانین ہیں اپنی خود مختاری ہے، آپ کسی کے ساتھ دوستانہ ماحول میں تو باتیں کر سکتے ہیں لیکن کبھی ایسا نہیں کر سکتے۔
امریکہ میں کیپٹل ہل، پاکستان میں آرمڈ فورسز پر حملہ دو الگ معاملات ہیں: ملک احمد خان


















