پی ٹی آئی جلسوں ،احتجاج کے ذریعے ملکی معاشی ترقی کو روکنے سے گریز کرے: احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اورخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جلسوں اور احتجاج کے ذریعے ملک کی معاشی ترقی کو روکنے سے گریز کریں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ماضی میں دھرنوں اور احتجاج کے ذریعے ترقیاتی کاموں کو سبوتاژ کرنے کا ٹریک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی کو بھی اس ملک کے کسی بھی حصے میں معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کو پٹری سے اتارنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں روز بروز بہتری آرہی ہے اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی میں کمی آئی ہے جبکہ غیرملکی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان آ رہے ہیں۔ چین کے تعلقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ چین کے تعاون سے شروع ہوا ہے، حکومت یہاں مختلف منصوبوں میں مصروف چینی باشندوں کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتا ہے، آنے والے دنوں میں امریکہ کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔دریں اثناءویمن انٹرپرینیورشپ کانفرنس ”ویکون 2024“سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری نسل نے تختی سے فائیو جی کا سفر طے کر کے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے،ہماری نوجوان بچیاں کامیابی سے جدید شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہیں،ہر ترقی یافتہ ملک نے خواتین کی شمولیت کے ذریعے ترقی حاصل کی ہے،ذہین نوجوان سٹارٹ اپس سے پاکستان کا مستقبل روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نسل نے تختی سے فائیو جی کا سفر طے کر کے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے،یہ نالج اور انوویشن کا دور ہے، حیرت انگیز چیزیں رونما ہو رہی ہیں، پاکستان کے نوجوان انٹرپرینیور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان بچیاں کامیابی سے جدید شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہیں، دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں میں پاکستانی خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، نارووال جیسے پسماندہ علاقے کی ترقی پر مجھے فخر ہے جہاں یونیورسٹی میں طلبہ کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے فائیو ایز کا ماڈل پیش کیا گیا ہے، فائیو ایز فریم ورک میں برآمدات، ڈیجیٹل پاکستان، گرین توانائی، ماحولیاتی تحفظ، اور ترقی کے مساویانہ مواقع کے لئے اقدامات شامل ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان کو اپنے نوجوان نسل اور خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، ہمیں ہر شعبے میں خواتین کو آگے لانے کے لیے پروگرامز شروع کرنے کی ضرورت ہے، ہر ترقی یافتہ ملک نے خواتین کی شمولیت کے ذریعے ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو اپنے ملک کے لیے جذبہ ہے تو وہ یہاں رہ کر اپنا کردار ادا کرے گا، میں نے بھی باہر سے ڈگری لی مگر اسی ملک میں رہ کر ترقی دیکھی، دنیا پاکستان کی معیشت کے بارے میں پر امید ہے،پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ 94 ہزار انڈیکس کو عبور کر چکی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ بحثییت قوم ہمارے فیصلے ہمارے کل کا تعین کریں گے، ہم نے 2013 میں ملک کو بحران سے نکالنے کا چیلنج قبول کیا اور کامیاب ہوئےمگر 2018 میں یوٹرن نے ہماری ترقی کو پیچھے دھکیل دیا، دوست ممالک پر الزامات نے تعلقات کو متاثر کیا، میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے، جیل میں فزیو تھراپی کی سہولت بھی نہیں دی گئی مگر ہم نے شور نہیں مچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر اپریل 2022 میں بحران کا شکار ہوا، کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے امن، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات ضروری ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں سو سالہ تاریخ کا جائزہ لے کر آگے بڑھنے کی رفتار کو تیز کرنا ہے، ہم نے اسی جذبے سے محنت جاری رکھی اور سیاسی استحکام رہا تو اگلے چند سالوں میں ملک ترقی کی راہیں طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذہین نوجوان سٹارٹ اپس سے پاکستان کا مستقبل روشن کریں گے۔