اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر پوری دنیا میں احتجاج نظر آئیگا، احتجاج میں سب لوگ شریک ہوں گے، یہ بانی پی ٹی آئی کا حکم ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کیلئے اعلان کیا ہوا ہے، آج ان سے ملاقات ہو گی۔
بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی باس ہیں، وہ سفارش نہیں حکم دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر رہنماوں کی گرفتاری کا واقعہ پہلا نہیں ہے، ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں، ہم نے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عدالت کا حکم ہے اسلئے ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، عدالت کے کسی حکم کو تو مانا نہیں جاتا، کیا کریں عدالتوں میں بارہا جاتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر عدالت سے بھی ریلیف نہ ملے تو پھر کیا کرنا چاہئے؟ واضح رہے کہ گزشتہ روز بانءتحریکِ انصاف کی بہن علیمہ خان نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں نکلنا ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا تھا کہ آپ نے اپنے چوری کئے گئے مینڈیٹ کیلئے نکلنا ہے، بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دیدی ہے، انہوں نے ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر یہ کال دی ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا کہا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ 8 فروری کوعوام جمہوریت کیلئے نکلے تھے، اس روز عوام نے ظلم کے نظام کیخلاف ووٹ دیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کی کال پر پوری دنیا میں احتجاج نظر آئے گا: بیرسٹر گوہرخان


















