پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے کا مرکزی سہولت کار اہلکار گرفتار

پشاور: (بیورورپورٹ)قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بڑی کارروائی ،پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے کے مرکزی سہولت کار پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا پولیس اختر حیات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا دہشتگرد ولی پولیس کانسٹیبل ،تعلق کالعدم جماعت الاحرار سے ہے، خود کش حملہ آور کو پولیس لائنز میں ریکی کرائی،بدبخت نے 2لاکھ کے عوض86ساتھیوںکو شہید کرایا،سارے پیسے حوالہ ہنڈی کے ذریعے آئے،ملزم کی جڑیں پنجاب تک پھیلی ہیں۔

اختر حیات نے کہاولی کو جمیل چوک سے گرفتارکیا ، 2 خودکش جیکٹیں بھی برآمد کرلیں، دہشتگرد افغانستان سے خودکش جیکٹس،حملہ آوروں اوردھماکہ خیز مواد کی ترسیل میں بھی ملوث ہے، ولی ایک ہفتے کی چھٹی لے کرافغانستان گیا، کنڑ میں دہشت گرد کمانڈر صلاح الدین اورمکرم خراسانی سے ملاقات کی،آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا افغانستان سے واپسی پر افغان فورسز نے ملزم کو گرفتار کیا،ہینڈلر جنید کی مداخلت پر چھوڑدیاگیا، دہشتگرد نے خودکش حملے کی اطلاع ٹیلی گرام پر ہینڈلر جنید کو دی۔

دریں اثناملزم نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا2021 میں جماعت الاحرار کے جنید سے فیس بک پر رابطہ ہوا ،میری ذہن سازی کی گئی پھرجماعت الاحرار میں شامل ہونے کا ارادہ کیا، براستہ چمن بارڈر افغانستان میں جلال آباد گیا، ملا یوسف کے ہاتھ پر بیعت کی،ملزم نے اعترافی بیان میں کہاجماعت الاحرار میں شامل ہونے پرمجھے 20ہزار روپے ملے، جنوری 2023میں پولیس لائن کا نقشہ ہینڈلر جنید کو ٹیلی گرام کے ذریعے شیئر کیا، جنید کے کہنے پر باڑہ گیا،شخص خودکش جیکٹ سمیت موجود تھا، رحمان بابا قبرستان میں خودکش بمبار کو پولیس کی وردی دی، مجھے 50ہزار روپے حوالہ ہنڈی کے ذریعے ملتے تھے۔

دوسری جانب پولیس لائنز دھماکے کے سہولت کار ملزم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا،عدالت نے 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا۔