پارلیمنٹ نے کرپشن کیسز ختم کردئیے، ہوش آنے تک دیر ہوجائے گی، ہائیکورٹ

اسلام آباد،کراچی: (بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے پارلیمنٹ نے اربوں کے کرپشن کیسز ختم کردئیے، ہوش آنے تک دیر ہوجائے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب کے دائرہ اختیار کیس کی سماعت میں جسٹس محسن اختر کیانی نے کہابغیر دانتوں والا نیب بھی انجوائے کرے اور لوگ بھی، نیب کرپشن کیس کی انکوائری شروع کرنے سے پہلے دیکھ بھی لیا کرے کہ اب تحقیقات کر بھی سکتا ہے یا نہیں ؟ پارلیمنٹ نے اربوں روپے مالیت کے کرپشن کیسز ختم کر دئیے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے مزید کہا 100سے زائد بڑے کرپشن کیسز ختم ہو چکے ہیں، کرپشن کیسز کے ملزم بیرون ملک بھی چلے گئے ہیں، جب پارلیمنٹ کو ہوش آئے گا تو بہت دیر ہو جائے گی۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں سے بڑے پیمانے پر فراڈ کے کیس میں فریقین سے بیان حلفی طلب کر لیے۔

عدالت میں سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں سے بڑے پیمانے پر فراڈ کے کیس میں ڈی جی نیب کراچی، چیئرمین نیب اور دیگر کےخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے استفسار کیا عدالتی احکامات کے مطابق تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا نیب کی جانب سے معاملے کی باضابطہ تحقیقات نہیں کی گئیں، متاثرین کے بیانات لیے بغیر تحقیقات مکمل کر لی گئیں،عدالت نے کہا آپ کی مرضی کے مطابق تحقیقات نہیں ہوں گی، آپ کی درخواست نمٹا دی گئی تھی، عدالتی آرڈر کے مطابق تحقیقات ہو چکی ہیں، کوئی زندگی بھر چلنے والا کیس نہیں،بعدازاں عدالت نے توہین عدالت کے کیس میں فریقین سے 2 ہفتوں میں جوابی بیان حلفی طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔