لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید ) لاہور کے شہریوں نے سموگ کے تدارک کیلئے شہر میں جنگی بنیادوں پر 20 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کا مطالبہ کر دیا۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے گلبرگ نبی پورہ کے رہائشی عابد انور نے کہا کہ پوری دنیا الیکٹرک وہیکل کی طرف جا رہی ہے مگر ہماری بدقسمتی ہے کہ حکومت نے اعلانات تو کئے ہیں مگر ابھی تک پورے لاہور میں ایک بھی الیکٹرک بس نہیں چلی۔ شاہ جمال کے رہائشی جاوید اقبال نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے جو کہ سموگ کی وجہ سے داغدار ہو چکا ہے، جو ہاو¿سنگ سوسائٹی مالکان پی آئی اے خریدنے کی آفر کر رہے ہیں، ان کیلئے 20 ہزار الیکٹرک بسیں معمولی بات ہے اچھرہ بازار کے رہائشی فہیم بھیا نے کہا کہ لاہور بھی اس وقت اسی طرح کی سنگین صورتحال سے دوچار ہے جس سے نمٹنے کیلئے فوری اور مو¿ثر اقدامات کی ضرورت ہے، فوراًکلین پنجاب کمیشن قائم کیا جائے جو سموگ کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے ایک قابل عمل حکمت عملی وضع کرے۔ ٹریفک سموگ کا سب سے بڑا سبب ہے، جو لاہور کی فضائی آلودگی کا 83 فیصد ہے اس مسئلے کے حل کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کی تجویز دی تاکہ لوگ ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے مزید تجویز دی کہ ٹرانسپورٹیشن کی سرگرمیوں کو شہر کے مرکز سے کم ہجوم علاقوں جیسے سبزی منڈی یا لاہور رنگ روڈ کے باہر منتقل کیا جائے، تاکہ ٹریفک سے پیدا ہونے والی آلودگی کم ہو سکے۔ میاںاحمدنے کہا کہ سموگ کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے ماحول دوست ایندھن کو فروغ ، الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری ضروری ہے۔
سموگ کے تدارک کیلئے جنگی بنیادوں پر 20 ہزار الیکٹرک بسیں چلائی جائیں :شہریوں کا حکومت سے مطالبہ


















