غزہ میں جنگ بندی کیلئے ثالثی سے دستبردار نہیں ہوئے:قطر
دوحہ (مشرق نیوز) قطرنے بعض ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان فواہوں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ قطر غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کیلئے جاری کوششوں سے دستبردار ہوگیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر ماجد بن محمد الانصاری نے دوحہ میں حماس کے دفتر کے بارے میں گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ریاست قطر کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے ثالثی سے دستبرداری کے بارے میں گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ماجد الانصاری نے ایک پریس بیان میں انکشاف کیا کہ قطر نے معاہدے تک پہنچنے کی حالیہ کوششوں کے دوران 10 روز قبل فریقین کو مطلع کیا تھا کہ اگر کوئی معاہدہ نہ ہوا تو وہ حماس اور اسرائیل کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو معطل کر دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک فریقین کو مطلع کرے گا کہ جب جنگ کے خاتمے کیلئے سنجیدہ ہوں گے اور پٹی میں تباہ کن انسانی حالات کے نتیجے میں شہریوں کے مسلسل مصائب کے خاتمے کیلئے تیار ہوں گے تو اسکے بعد قطر جنگ کے خاتمے اور یرغمالیوں اور قیدیوں کی واپسی کیلئے ہر قابل ستائش کوشش کرنے کیلئے سب سے آگے ہوگا۔انہوں نے کہاکہ قطر اس بات کو قبول نہیں کریگا کہ اسے ثالثی کی وجہ سے بلیک میل کیا جائے۔وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان نے برادر فلسطینی عوام کی حمایت کیلئے قطر کی ریاست کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر آزاد فلسطینی ریاست کے حوالے سے اپنے اصولی موقف، سنہ 1967 کی سرحدوں کے اندر فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کیلئے مطالبے پر قائم رہیگا۔

















