کوئٹہ (مشرق نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جیت ہی پہلا اور آخری آپشن ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، ملاقات میں کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہے، اس جنگ میں صرف جیت ہی پہلا اور آخری آپشن ہے، بلوچستان میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن و امان یقینی بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں، مٹھی بھر عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
دریں اثنا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا۔ دونوں نے ریلوے اسٹیشن دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور زخمیوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، ڈاکٹرز سے زخمیوں کی صحت کی حالت پوچھی جبکہ زخمیوں سے افسوسناک واقعہ کی تفصیلات بھی معلوم کیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زخمیوں سے کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے اور آپکی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہے، آپ کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائےگی۔ سرفراز بگٹی نے ڈاکٹرز کو زخمیوں کے بہترین علاج سے متعلق ہدایات دیں اور ایک زخمی شخص کو فوری طور پر کراچی شفٹ کرنے کا حکم دیا۔
دہشت گردی کیخلاف جیت ہی پہلا اور آخری آپشن ہے: وزیر داخلہ محسن نقوی

















