ترکیہ کےساتھ تعلقات مستحکم کرینگے،پاک نیپال سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ،ترکیہ کے مابین دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف سے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوعلو نے ملاقات کی، وزیراعظم نے نئے تعینات ہونے والے ترک سفیر نذیراوعلو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا وہ پاکستان ،ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کےلئے ترکیہ کےساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

پاکستان ،ترکیہ کے درمیان تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے جموں و کشمیر پر ترکیہ کی پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان بھی بنیادی مفادات کے معاملے پر ترکیہ کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ و مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہبازشریف نے صدر رجب طیب اردگان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ترک صدر کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا،ترکیہ کے سفیر نذیراوعلو نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے مضبوط اور تاریخی رشتوں کو مزید مستحکم بنانے کےلئے اپنے مکمل عزم و حمایت کا یقین دلایا۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں نیپال کے سبکدوش ہونے والے سفیر تاپاس ادھیکاری نے الوداعی ملاقات کی،شہبازشریف نے کہا پاکستان نیپال کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان ،نیپال کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کےلئے سفیر ادھیکاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط و ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں کردار کو سراہا۔

مزید برآں ضلع گھانچے کے مقام پر قائم کی جانےوالی رمدے یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا گلگت بلتستان کے گھانچے جیسے دور دراز علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے ادارے رمدے یونیورسٹی کا قیام انتہائی خوش آئند ہے، گلگت بلتستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ترجیحات میں شامل ہے، یونیورسٹی کے قیام کیلئے تعاون کرنے والے تمام اداروں ،افراد کی کوششیں لائق تحسین ہیں، یقین ہے 11ہزار فٹ کی بلندی پر تھاگوس کے مقام پر قائم ہونے والی یونیورسٹی جدید علوم و تحقیق کے معیار کی بلند چوٹیاں سر کرے گی۔