ایکسپورٹ بڑھانے سے ہی آئی ایم ایف سمیت دیگر قرضوں سے نجات ملے گی:رانا تنویر

مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نہ جانے کون سی انسانی شکل ہے جس کا ایجنڈا ملک، اداروں اور سوسائٹی کو کمزور کرناہے۔انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم پر ووٹ دینے والوں کو غدار قرار دینے والا بانی پی ٹی آئی جھوٹا شخص ہے اور اس کی پارٹی قیادت 26ویں آئینی ترامیم کیلئے کامے اور فل سٹاپ بھی شامل کرواتی جبکہ حامد رضا ان ترامیم کو اپنی تجویز قرار دیتے رہے۔ رانا فارم ہاو¿س پروفاقی پارلیمانی سیکرٹری انجینئر رانا احمد عتیق انور، سابق چیئرمین رانا ماجد نوازکے ہمرا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وقت ثابت کرے گا بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہ ختم ہونے والی بات ہے اور اسے سنگین جرائم کی سزا ہر صورت بھگتنا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں تخریب کاروں کا ٹولہ اور پاکستان دشمن ہے لیکن اس کا ووٹر معصوم اور لیڈروں کی چالوں سے لاعلم ہے۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ قاضی فائز عیسٰی پاکستان عدلیہ کی تاریخ کے بہترین جج ثابت ہوئے ہیں اور ان پر بیرون ملک حملہ ملک کی بدنامی کا باعث ہے۔ایک سوال پروفاقی وزیر نے کہا کہ کے پی کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پورنے ہرکام غیر آئینی کیا ہے اور سول اسٹیبلشمنٹ کو اس کا سخت ایکشن لینا چاہئے۔ پی ٹی آئی پہلے روز سے مفاد پرستوں اور ملک دشمنوں کا ٹولہ رہی ہے اور اب اس کے اندر کئی دھڑے وجود میں آ چکے ہیں اور ایک دوسرے کو نوٹس پہ نوٹس کا سلسلہ جاری ہے۔ رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ سرکاری اہلکاروں کے ذریعے وفاق پر حملے فساد کی کوشش ہے جبکہ قانون شکن سرکاری ملازمین کو اضافی تنخواہوں کی ادائیگی اور ترقیوں کا اعلان ملک کو کمزور کرنے کا عملی اقدام ہے۔فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ چاول کی ایکسپورٹ سے 6 بلین ڈالر زرمبادلہ کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سمیت زرعی اجناس کی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے اور ایکسپورٹ بڑھانے سے ہی آئی ایم ایف سمیت دیگر قرضوں سے نجات ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے پاس چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ہم اسے بھی ایکسپورٹ کرکے قیمتی ذر مبادلہ کما رہے ہیں۔