پی ٹی آئی والے امریکی آقاوں کے آگے سجدہ ریز ہوگئے ،عظمیٰ بخاری

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پی ٹی آئی والے امریکی آقاوں کے آگے سجدہ ریز ہوگئے،تانگہ پارٹی کا نیا نعرہ ” ہم ہی غلام ہیں“ مارکیٹ میں آنے والا ہے، پی ٹی آئی نے فتنہ خان کی رہائی کےلئے ٹرمپ کے جیتنے پر نظریں جما لیں، بانی پی ٹی آئی 9مئی کا مجرم ہے، ملٹری ٹرائل ہونا چاہیے، فتنہ پارٹی کا ملکی ترقی سے کوئی تعلق نہیں، مقصد افراتفری پھیلانا ہے، گنڈا پور کو یہ کہہ کر خوش کیا جا رہا ہے بشری کی رہائی میں ان کا ہاتھ ہے،سیاسی گدھ کبھی نابینا افراد تو کبھی کسانوں کی آواز بننے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہامستونگ میں بچوں کی ہلاکت جیسے اندوہناک واقعہ کی پنجاب حکومت بھرپور مذمت کرتی ہے، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،پی ٹی آئی دور میں جیلوں سے دہشتگردوں کو رہا کیا گیا، جنہوں نے بعد میں زمان پارک میں بچوں کوپٹرول بمب بنانا سکھائے اب وہی دہشتگرد معصوم بچوں کو قتل کررہے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہاوزیر اعلیٰ پنجاب انتھک محنت کر رہی ہیں،پنجاب حکومت نے دیوالی تقریبات کو سرکاری طورپر منایا ، دیوالی پر خواتین کی مریم نواز سے محبت دیدنی تھی، پنجاب حکومت اقلیتوں کو مینارٹی کارڈ دے گی،پنجاب میں 900بیڈ پر مشتمل 54ارب کی لاگت سے نوازشریف کینسر ہسپتال بن رہا ہے جس میں کسی بھی مریض کے علاج کیلئے انکار نہیں کیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ائیر ایمبولینس کا بزدار حکومت والے اعلان کرتے رہے لیکن خواب مریم نواز نے شرمندہ تعبیر کیا،ساڑھے 7لاکھ کسانوں کو کسان کارڈ دیں گے، وزیر اعلیٰ کسانوں کےساتھ رہ رہ کر کسان بن گئیں، مریم نواز 4شہروں ساہیوال،سرگودھا بہاولپور و ملتان میں ایگری کلچر مالز بنائیں گی ،کسانوں کو ایک چھت کے نیچے تمام سہولیات ملیں گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا بھارت سے فضائی آلودگی آنے کی وجہ سے لاہور کا سموگ انڈیکس ایک ہزار تک پہنچ گیا جو خطرناک ہے، وزیر اعلیٰ بھارتی وزیر اعلیٰ کو خط لکھیں گی تا کہ مشترکہ کاوشوں سے سموگ سے نجات حاصل کی جا سکے یہ لوگ اعلانات کرتے رہ گئے مریم نواز نے ناممکنات کو ممکن کر دکھایا۔