اسلام آباد:(بیورورپورٹ)انتظار پنجوتھہ24گھنٹے میں بازیاب ہوںگے ، اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین ہانی کرادی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن انتظار حسین پنجوتھہ کی بازیابی درخواست پر سماعت کی، ایڈووکیٹ فیصل چودھری، علی بخاری اور نیاز اللہ نیازی عدالت کے سامنے پیش ہوئے،چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا 24 گھنٹے پھر اب سے شروع ہوں گے؟ اٹارنی جنرل منصور اعوان نے جواب دیا جی، کل اسی وقت تک انتظار پنجوتھہ واپس آ جائیں گے۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اگر انتظار پنجوتھہ آ جاتے ہیں تو ٹھیک ورنہ آئندہ سماعت پر آپ دوبارہ پیش ہوں،فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے کہا اٹارنی جنرل نے امید دلائی ہے تو ہم امید ہی کر سکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں انتظار حسین پنجوتھہ خیریت سے واپس آ جائیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔
مزید برآں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کی کسی مقدمے میں گرفتاری عدالتی اجازت مشروط کر دی،اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کی درخواست پر حکم جاری کردیا،عدالت عالیہ نے حکم دیا نعیم حیدر پنجوتھا پر کتنے مقدمات ہیں تفصیلات جمع کرائیں، عدالت کی اجازت کے بغیر آئندہ سماعت تک نعیم پنجوتھا کو گرفتار نہ کیا جائے،بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔
انتظار پنجوتھہ24گھنٹے میں بازیاب ہوںگے :اٹارنی جنرل



















