مزید مشکل فیصلے کرنا ہوں گے،نان فائلر گاڑیاں ،جائیدادیں نہیں خرید سکے گا، وزیر خزانہ

واشنگٹن :(خواجہ فاروق)وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہاہے معاشی بہتری کیلئے مزید مشکل فیصلے کرنا ہوں گے،نان فائلر گاڑیاں ،جائیدادیں نہیں خرید سکے گا،کوشش ہوگی آئی ایم ایف کےساتھ آخری پروگرام ہو،کسی کو ٹیکس کیلئے ہراساں نہیں کیا جائے گا۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہانان فائلر کی اصطلاح ہی ختم کر رہے ہیں،تمام ریٹنگ ایجنسیاں تسلیم کر رہی ہیں ملکی معیشت درست سمت گامزن ہے، معیشت کی بہتری کےلئے مزید مشکل فیصلے کرنا ہوں گے،6ماہ سے معاشی بہتری کےلئے مسلسل کام کرنے کے سبب مہنگائی ،پالیسی ریٹ میں کمی آئی ،ٹیکس ٹو جی ڈی پی 9 سے 13 فیصد تک لائیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا حکومتی اقدامات سے ملک میکرو اکنامک استحکام کی جانب گامزن ہے، آئی ایم ایف کےساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ،کوشش ہوگی آئی ایم ایف کا پروگرام آخری ہو، ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں ،گرانٹ دے گا،امریکہ میں ملاقاتیں مثبت رہیں، بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔

اورنگزیب نے کہاٹیکس کیلئے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا،نان فائلر گاڑیاں ،جائیدادیں نہیں خرید سکے گا،سٹیک ہولڈرز نے مہنگائی میں کمی کو سراہا، پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے، معاشی ترقی کیلئے طویل مدتی منصوبے بنانا ہوں گے، ملکی زرمبادلہ ذخائر 11 ارب ڈالر سے بڑھ گئے۔

اس موقع پر گورنر سٹیٹ بینک نے کہا غیر ملکی قرضوں پر انحصار کم کر دیا،تمام بینک تعاون کرنے کو تیار ہیں، عالمی ادارے بھی قرض دینا چاہتے ہیں لیکن اب اپنی شرائط پر قرض لیں گے۔

دریں اثنا وزیر خزانہ اورنگزیب نے ایشین انفرا سٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر سے ملاقات کی،جی ٹی روڈ کی تعمیر نو کے منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے قرض پروگرام میں مدد کی خواہش کا اظہار کیا۔