افسران پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کے اقدامات میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس فورس کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم اور مسلسل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں جن کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے سنگین بیماریوں سے نبرد آزما پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے طبی اخراجات کیلئے 16 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے کانسٹیبل فہیم احمد کو اہلیہ کے علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے، راولپنڈی پولیس کے ڈی ای او احسن کو ٹانگ کے علاج کیلئے 5 لاکھ روپے جاری کئے گئے ، لاہور پولیس کے انسپکٹر نوفل ظہور کو اوپن ہارٹ سرجری کیلئے 2 لاکھ روپے دئیے گئے، ملتان کے کانسٹیبل مشکور احمد کو نفسیاتی عارضے کیلئے ایک لاکھ روپے جاری کئے گئے ، سلمان علی دفتری کی اہلیہ کو ٹیومر کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے، جونیئر کلرک حافظ حسنین کو گردوں کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے جاری ہوئے ، ہیڈ کانسٹیبل زاہد بشیر کو اہلیہ کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے، ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی نے صوبہ بھر سے موصول درخواستوں کی سکروٹنی کے بعد منظوری دی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی آر پی اوز ، ڈی پی اوز فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کے اقدامات میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں، پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر سے متعلقہ کیس فنڈز اجراءکیلئے مکمل دستاویزات کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس بھجوائے جائیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت پولیس ٹیمیں ناجائز اسلحہ کے خاتمے کیلئے کریک ڈاو¿ن جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے دوران پولیس ٹیموں نے رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ملزمان کے قبضہ سے 1374 کلاشنکوف، 35507 پسٹل، 2964 بندوقیں، 2635 رائفلز، 629 ریوالور برآمد کر لی ہیں، ملزمان سے لاکھوں کی تعداد میں گولیاں اور کارتوس بھی برآمد کی گئی ہیں ، صوبائی دارالحکومت میں ملزمان کے قبضے سے 120 کلاشنکوف، 7617 پسٹل، 529 رائفلز، 289 بندوقیں اور 72 ریوالور 43 ہزار گولیاں اور کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز میں اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان کو بلا تفریق قانون کی گرفت میں لایا جائے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کی اسلحہ کے کاروبار میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس، سٹاک انسپکشن کا عمل باقاعدگی سے سر انجام دیا جائے، آر پی اوز، ڈی پی اوز ناجائز اسلحہ کے کریک ڈاو¿ن کی ہفتہ وار رپورٹس سی پی او بھجوائیں۔