قیادت سے محروم پی ٹی آئی اندرونی اختلافات کا شکار، کارکن رہنماوں سے ناراض

اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف ان دنوں خود کو اپنا وجود برقرار رکھنے کے حوالے سے بحران میں گھرا محسوس کررہی ہے کیونکہ سینئر رہنماوں اور سیاستدانوں کے درمیان لڑائی نے پارٹی کو عملی طور پر ’قیادت سے محروم‘ کردیا ہے، اور دھڑے بندی نے جڑ پکڑنا شروع کردی ہے۔

میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق اگرچہ پارٹی کے ترجمان ہمیں یہ ماننے پر مجبور کریں گے کہ سب ٹھیک ہے اور یہ کہ معمولی اختلافات سیاسی عمل کا حصہ ہوتے ہیں لیکن درحقیقت پارٹی کے کارکنان اپنے رہنماوں سے ناراض ہیں اور اس کی معقول وجہ ہے۔

پچھلے دو ہفتوں کے دوران کم از کم پارٹی کے محنتی کارکنوں اور رضاکاروں کی نظروں سے دیکھیں تو ان کے اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ جیسے قیادت نے عمران خان کو اکیلا چھوڑ دیا ہے اور احتجاج کے اس راستے سے بھٹک گئے ہیں جس کا انہوں نے حکم دیا تھا۔

اسکی واضح مثال بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے عمران خان کے طبی معائنے کے حوالے سے موقف کے درمیان پائی جانے والی خلیج ہے جہاں اس طبی معائنے کا منگل کو وعدہ کیا گیا تھا، پارٹی کے وفادار کارکنوں کا ماننا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کو اڈیالہ جیل میں داخل ہونے سے روک کر اپنے وعدے سے مکر گئی ہے۔

تاہم، بیرسٹر گوہر نے ایسا محسوس کرانے کی کوشش کی کہ پہلے سے ہی پمز کے ڈاکٹروں کے معائنے کا منصوبہ تھا اور انہوں نے شاید ایسا جمائما گولڈ سمتھ کے خط کے جواب میں کہا جس میں انہوں نے خبردار کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ان کے سابق شوہر کو اپنے بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین نے برملا کہا کہ ’سب ٹھیک ہے‘۔