ایس سی او سمٹ ،غیر ملکی وفود کی آمد شروع،چینی وزیراعظم کےساتھ متعدد معاہدے متوقع

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) پاکستان ایس سی او سمٹ کی میزبانی کیلئے تیار،سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل،روٹ پلان فائنل، اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا،جابجا خوش آمدید کے بینر اور بین الاقوامی سربراہان کی تصاویر آویزاں ،جڑواں شہروں میں3دن کےلئے عام تعطیل ،غیر ملکی وفود کی آمد شروع،چینی وزیراعظم پیر کوپہنچیں گے۔

پاکستان 15، 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل (سی ایچ جی) کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کرےگا،اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جناح کنونشن سینٹر میں ہوگا،ایس سی او کا قیام 15 جون 2001 کو چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان ملکر عمل میں لائے،شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) مستقل بین الحکومتی بین الاقوامی تنظیم ہے ،مقصد کثیر الجہتی تعاون مضبوط ، امن و سلامتی اور نئے اقتصادی بین الاقوامی نظام کو فروغ دینا ہے، پاکستان نے 2017 میں شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے حالیہ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ایس سی او میں شمولیت کے بعد سے پاکستان نے اچھے ہمسایہ تعلقات کو مستحکم کرنے کےلئے مسلسل و تعمیری طور پر کام کیا ،پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر مقاصد اور اصولوں و اقدار کےلئے پرعزم ہے۔

دریں اثنا کانفرنس میں شرکت کیلئے غیر ملکی وفود کی آمد کاسلسلہ شروع ہوگیا، بھارت 4 ،روس 76 ،چین 15،کرغیزستان 4 ،ایران کا 2 رکنی وفد اورشنگھائی تعاون تنظیم کے 7نمائندے پاکستان پہنچنے والوں میں شامل ہیں،چینی وزیراعظم پیر کو پہنچیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا چینی وزیر اعظم لی کیانگ وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں، 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے، چینی وزیر اعظم کے ہمراہ تجارت، خارجہ،قومی ترقی ،اصلاحاتی کمیشن کے وزرا ،چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایجنسی و دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے،لی کیانگ ،شہباز شریف کے درمیان وفود کی سطح پر سی پیک، معاشی تعاون ، دوطرفہ تجارت پر بات ہو گی،علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

دفتر خارجہ نے کہا چینی وزیراعظم صدر آصف زرداری، پارلیمانی لیڈروں اور اعلیٰ عسکری قیادت سے ملیں گے، لی کیانگ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے،بھارتی وفد سے کوئی ملاقات طے نہیں، چینی وزیراعظم کی آمد پر گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سافٹ لانچنگ، قراقرم ہائی وے کی تعمیر کےلئے 2ارب ڈالرز کے قرض سمیت مختلف معاہدوں کا امکان ہے،وزارت خزانہ ،منصوبہ بندی نے ورکنگ مکمل کرلی ،ذرائع کے مطابق ریلوے کے سب سے بڑے اور اہم ترین پراجیکٹ ایم ایل ون پر کوئی پیشرفت کا امکان نہیں ،سٹیٹ بینک اور چینی سینٹرل بینک کے درمیان کرنسی سوآپ معاہدے کا امکان ہے،پاکستان چین سے خریدی گئی اشیاکی ادائیگی یوآن اور چین پاکستان سے خریدی گئی اشیا کی ادائیگی روپے میں کرسکے گا۔

دوسری جانب سمٹ کیلئے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے،جڑواں شہروں میں3دن عام تعطیل ہوگی، نقل و حرکت محدود رکھنے کےلئے دارالحکومت کی تمام مرکزی سڑکیں بند کردی گئیں،سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنےوالے ریڈ زون سمیت پورے اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ،جابجا خوش آمدید کے بینر اور بین الاقوامی سربراہان کی تصاویر آویزاں کردی گئیں،میٹرو بس سروس 17 اکتوبر تک بند رہے گی،روٹ پلان بھی فائنل کرلیا گیا۔

ادھرپریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، معاشی ،علاقائی روابط کو فروغ ملے گا،غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاپاکستان اہم ایونٹ کی میزبانی کرنے جا رہا ہے،ایس سی او سمٹ کی سائیڈ لائن پر سربراہان مملکت کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی، پاکستان خطے میں تجارت و امن کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، پاکستان بین الاقوامی سطح پر ابھر رہا ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم کا دورہ کامیاب رہا، دورے میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری ،تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا، ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات بڑھانے کا یقین دلایا، چاول، حلال گوشت سمیت برآمدات سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہاسعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں وفد نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا، سعودی فرمانروا شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کےساتھ تجارت بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی، سعودی عرب کے ساتھ 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ،ملک میں مہنگائی کم ہو کر 6.9 فیصد پر آگئی ، تجارتی خسارے میں مسلسل کمی آئی ،برآمدات میں 14فیصد اضافہ ہوا ،وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ تاجکستان انتہائی مفید رہا، چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان سی پیک کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اچھی پیشرفت ہو رہی ہے،پی ڈی ایم حکومت کے دوران ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچایا، معاشی اشارئیے بہتر ہو رہے ہیں۔