قصور میں سموگ کیخلاف بھرپور آپریشن،5بھٹیاں مسمار


قصور(مہر حسن حسن)وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں سموگ کیخلاف بھرپور آپریشن جاری ۔مصطفی آباد میں گملے پکانے والی 5بھٹیاں مسمار ‘ذمہ داروں اور مزاحمت کرنیوالے افراد کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈپٹی کمشنرقصور کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان کی زیر نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات انجینئر محمد عمران نے پولیس کے ہمراہ سرہالی کلاں مصطفی آباد میں گملے پکانے والی بھٹیوں کےخلاف بھرپور ایکشن کیا تا ہم 5بھٹیوں کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیاگیا ۔ گملے بنانے والی بھٹیوں کے نیچے پلاسٹک، ریگزین ، گندے کپڑے اور کچرا وغیرہ جلا یا جا رہا تھا جو سموگ کا باعث بن رہا تھا ۔

مالکان کےخلاف کئی مرتبہ پہلے بھی کاروائی کی گئی لیکن اس کے باوجود وہ غیرمعیاری ایندھن جلانے اور ماحول کو بری طرح متاثر کرنے سے بازنہیں آ رہے تھے ۔ جس پر دوبارہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان خالد ، ساجد ، گلفام وغیرہ کی بھٹیوں پر کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے ‘کرین کو نقصان پہنچانے اور ڈرائیور کا بازو توڑنے سمیت ماحول کو آلودہ کرنے پر 42کس نامعلوم افراد کےخلاف مقدمہ درج کروا دیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کا کہنا تھا کہ محکمہ تحفظ ماحول حکومتی احکامات پر عمل درآمد تک اور ماحول کو آلودہ کرنے والے جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی تک اسی طرح پر عزم ہو کر کارروائیاں جاری رکھے گا۔ماحولیاتی قوانین کیخلاف ورزی پرضلعی انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ۔