اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سعودی بزنس فورم میں ہونے والی نتیجہ خیز بات چیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے پاکستانی ،سعودی کاروباری برادریوں کے درمیان بات چیت نے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کردی،سعودی عرب کو پاکستان کے ایوی ایشن شعبے خصوصاً پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی آوٹ سورسنگ میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب بھی دی اور سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص علاقائی اور عالمی چیلنجز کے اور ویژن 2030 کی حمایت سمیت دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کےلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے ملاقات کی، وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
سعودی وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کےساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، وزیراعظم نے مزید کہا سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ، سعودی وزیر کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ہے ،دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون مزید مضبوط ہو گا،وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کو ہلال پاکستان ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی جو پاکستان سعودی تعلقات کو آگے بڑھانے میں شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔
شہبازشریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کےلئے نیک خواہشات اورپاکستان سعودی بزنس فورم میں ہونے والی نتیجہ خیز بات چیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاپاکستانی ،سعودی کاروباری برادریوں کے درمیان بات چیت نے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کردی۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے اپنے حالیہ دوروں اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کا ذکر کیا اور کہا سعودی وزیر کا دورہ 6 ماہ کے اندر تیسرے اعلیٰ سطحی دورہ ہے جو دو طرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار کا ثبوت ہے، شہباز شریفنے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے ذریعے ہونے والی پیشرفت پر بھی روشنی ڈالی جو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
شہبازشریف نے سعودی وزیر کو حکومت کے نجکاری پروگرام سے آگاہ کیا اور سعودی عرب کو پاکستان کے ایوی ایشن کے شعبے خصوصاً پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی آو¿ٹ سورسنگ میں میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی، شہباز شریفنے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص علاقائی اور عالمی چیلنجز کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے سعودی عرب کے ویژن 2030 کی حمایت سمیت دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کےلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا، شہباز شریفنے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں فلسطین، کشمیر اور اسلامو فوبیا جیسے معاملات پر سعودی عرب کے موقف کے حوالے سے سعودی عرب کی قیادت کی تعریف کی، وزیراعظم نے مزید کہا پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار کر رہے ہیں۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری نے پاکستان میں خاص طور پر کان کنی، زراعت، فوڈ سکیورٹی، انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو میں اضافے کے حوالے سے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط محض سفر کا آغاز ہے۔
بعدازاں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا سعودی عرب کےساتھ تعاون کے معاہدے نئی پیشرفت ہیں، 2 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں،سعودی وفد کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے، سعودی ولی عہد پاکستان کی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں، وقت کے ساتھ دونوں ممالک کی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی، معاہدوں پر عملدرآمد کیلئے تمام اقدامات یقینی بنائیں گے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مزید بڑھیں گے۔
شہبازشریف نے کہاابھی آئی ایم ایف پروگرام لیاجو امید ہے آخری ہوگا، سعودی مدد کے بغیر پروگرام ملنا مشکل تھا، پروگرام کیلئے سعودی عرب، چین اور یواے ای کے مشکور ہیں،حکومتی اقدامات کی بدولت اقتصادی اشارئیے بہتر ہو رہے ہیں، مہنگائی 44 ماہ کی کم ترین سطح پر ہے۔
معاشی تعاون کانیا دور شروع،پاک سعودیہ 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط



















