تاندلیانوالہ، دیرینہ دشمنی پر پیشی سے واپسی پر 3 افراد قتل

تاندلیانوالہ(نمائندہ مشرق)پل نہر بنگلہ چوک پر تہرے قتل کا افسوسناک واقعہ،چک 422گ ب کے رہائشی مقصود اور حق نواز کومخالفین نے موت کے گھاٹ اتار دیاجبکہ راہگیر بھی آندھی گولی کا نشانہ بن گیا۔تھانہ سٹی کے علاقہ چک422گ ب کے مقتولین عدالت میں پیشی بھگت کر واپس جا رہے تھے کہ پل نہر بنگلہ چوک پر گھات لگائے مخالفین نے فائرنگ کردی۔فائرنگ سے راہگیر سمیت 3افرادموقع پر جاں بحق ہو گئے۔واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔تہرے قتل کے واقعہ علاقہ میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گیا۔ایس پی صدر ڈویژن فیصل آباد،ڈی ایس پی سرکل پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔پی ایف ایس اے کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچیں اورمقتولین کے شواہد اکٹھے کئے اورپولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال کے شعبہ پوسٹ مارٹم منتقل کر دیں۔لواحقین نے سابقہ مقدمات میں تھانہ سٹی پولیس کی جانب سے انصاف نہ ملنے پر اور ملزمان ساتھ ساز باز ہونے پر لاشیں دوبارہ ہسپتال سے اٹھا کر پل نہر بنگلہ چوک کی طرف روانہ ہونے لگے تو پولیس نے روکنے کی کوشش کی جس پر پولیس اور لواحقین میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی۔لواحقین نے اوکاڑہ فیصل آباد روڈ کورکاوٹیں کھڑی کرکے احتجاج کیا۔ٹائر جلائے گئے اور پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ایس پی صدر ڈویژن غلام عباس نے لواحقین ساتھ مذاکرات کرکے روڈ کو ٹریفک کیلئے کھلوایا اور لاشیں دوبارہ پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیں۔ایس پی صدر ڈویژن فیصل آباد غلام عباس کی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ تہرے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے،حق نواز اور مقصود عدالت سے پیشی بھگت کر واپس جا رہے تھے،ملزمان نے پل نہر بنگلہ چوک پر فائرنگ کر دی،فائرنگ کی زد میں آکر چک411گ ب کا رہائشی راہگیر بھی قتل ہو گیا،لواحقین کو انصاف فراہمی یقینی بنائیں گے،مقتولین کے قبل بھی 2 افراد قتل کا مقدمہ درج ہے،مقدمہ میں نامزد ملزمان کو کیوں نہیں گرفتار کیا گیا،ملزمان کی سابقہ مقدمہ میں گرفتاری نہ عمل میں لانے پر انکوائری کے بعد محکمانہ کاروائی کرےں گے،ملزمان جتنے بھی بااثر ہیں،لواحقین کو انصاف فراہم کریں گے۔دوسری جانب تینوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیا اور پولیس نے کاروائی کا آغاز کر دیا۔