اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)سپیکرز نے مخصوص نشستوں کا جلد فیصلہ کرنے کےلئے الیکشن کمیشن کو خطوط لکھ دئیے۔
پارلیمانی رہنماوں نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط لکھ کر الیکشن ترمیمی بل 2024ءکے تناظر میں خواتین اور غیر مسلم اراکین اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن کمیشن کی طرف سے فیصلہ نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیااورجلد فیصلہ کرنے کےلئے خط لکھنے کی درخواست کی گئی،ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی رہنماوں کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو دوسرا خط لکھ دیا اور الیکشن کمیشن سے جلد فیصلہ کرنے کی استدعا کردی۔
دوسری جانب سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے الیکشن کمیشن کو 19 ستمبر 2024 کو لکھے گئے اپنے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا صدر کی جانب سے 7 اگست2024 کو ترمیمی ایکٹ کی منظوری دی گئی تھی لیکن تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا، پارلیمنٹ کی بالادستی کسی بھی جمہوریت کا بنیادی اصول ہے اور تمام سرکاری عہدیداروں پر لازم ہے وہ اس کے تقدس کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کریں۔
ملک احمد خان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا وہ پارلیمنٹ کی جانب سے کی گئی قانون سازی کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات ایکٹ میں کی گئی ترامیم پر فوری طور پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ جمہوری نظام کی شفافیت اور پختگی کو برقرار رکھا جا سکے۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کو سپیکر قومی اسمبلی وپنجاب کی طرف سے لکھے جانے والے خطوط کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس متوقع ہے،ای سی پی ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں سپیکر کی جانب سے مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق مشاورت کی جائے گی ، الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
مخصوص نشستوں کا فیصلہ جلد کریں،سپیکرزکے الیکشن کمیشن کو خطوط


















