اسرائیلی مظالم کیخلاف قومی قیادت یکجا، غزہ میں فوری جنگ بندی، آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے: اے پی سی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسرائیلی مظالم کیخلاف قومی قیادت یکجا،غزہ میں فوری جنگ بندی،آزاد فلسطینی ریاست قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا،مسئلہ فلسطین پر ایوان صدر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی بھرپور مذمت کی گئی ہے،وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور فلسطین کے موضوع پر آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں صدرمملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت سیاسی جماعتوں کے سربراہ اور رہنما شریک ہوئے،کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف، جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمن، سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ،اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان، جماعت اسلامی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن، چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر جماعتوں کے سربراہوں نے شرکت کی، وزیراعظم شہباز شریف نے اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے کہاغزہ میں خونریزی بند کرانا اولین ترجیح ہے،فلسطین پر آواز اٹھانے کیلئے ماہرین کی کمیٹی بناکر دنیا کے اہم دارالخلافوں میں بھیجیں گے،جب بھی کسی اندرونی اور بیرونی چیلنج کا سامنا ہوا تو ساری سیاسی اور مذہبی قیادت اکھٹی ہوئی اور ٹھوس تجاویز پیش کر کے عملی جامہ پہنانے کیلئے بھرپور تعاون کیا، آج کا دن بھی اس کی روشن مثال ہے، فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی کےلئے اسلامی ممالک کےساتھ ملکر آواز اٹھائیں گے، ہمیں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو نہیں دیکھنا چاہیے، خدشہ تھا اقوام متحدہ میں فلسطین کاز پر آواز اٹھانے کی وجہ سے ہمیں کوئی سزا ملی تو ہم اسے پورا کریں گے،نیتن یاہوکی جنرل اسمبلی آمد پرہم نے واک آو¿ٹ کیا، مجھے پتہ تھا جنرل اسمبلی میں میری تقریر سے کھلبلی مچے گی، اگر مجھے اس حوالے سے کوئی سزا دیتے ہیں تو سامنا کریں گے، اللہ کا شکر ہے میری تقریر کے باوجود آئی ایم ایف پروگرام منظورہوا، بطورپاکستانی ہمیں اپنے فیصلے لینے میں جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے،وزیر اعظم نے مزید کہا غزہ میں جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے، فلسطین میں امدادی سامان پہنچانے میں ہم نےاپنا کردارادا کیا ہے، فلسطینی عوام کوبدترین اسرائیلی جارحیت کا سامنا ہے، ہم سب فلسطین کےساتھ کھڑے ہیں،قبل ازیں صدر مملکت آصف زرداری نے اے پی سی میں خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان مشرق وسطیٰ میں اشتعال انگیزی میں اضافے پر شدید تشویش ہے ،عالمی برادری اسرائیل کو فلسطین بالخصوص غزہ میں جاری قتل عام سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے ،دنیا اسرائیلی جارحیت کو روکنے کےلئے فوری اقدامات کرے،اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جارحیت کےخلاف تمام عالمی فورمز پر آواز اٹھاتے ہوئے فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہادنیا میں صیہونیوں کی سازش کو بے نقاب کرنا ہے، امریکہ اور برطانیہ کے زیادہ ترعوام فلسطینیوں کےساتھ ہیں، سپین وجنوبی افریقہ کو فلسطین کیلئے سٹینڈ لینے پر سلام پیش کرتا ہوں، فورم سے واضح پیغام ہے ہم فلسطین کےساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی، وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر پرواک آو¿ٹ بہادر فیصلہ تھا، تمام سیاسی جماعتوں کا فلسطین کے حوالے سے وزیراعظم کو مکمل تعاون حاصل ہوگا،آل پارٹیز کانفرنس سے سابق وزیر اعظم،ن لیگ کے صدر نواز شریف نے کہا اسرائیلی جارحیت کیخلاف خاموشی انسانیت کی ناکامی ہے، ایسا ظلم زندگی میں نہیں دیکھا، سب نے جنرل اسمبلی میں شہبازشریف کی تقریرکوسراہا،فلسطینیوں کا خون رنگ لائے گا، فلسطین اور غزہ کے مسئلے پر اقوام متحدہ بالکل بے بس بیٹھی ہوئی ہے،غریب فلسطینیوں پر ظلم کا بازار گرم ہے اور کوئی عسکری طاقت نہ ہونے کے باوجود ان پر جو ظلم ڈھایا جا رہا ہے یہ تاریخ کی بدترین مثال ہے،اقوام متحدہ دنیا کی بہت بڑی باڈی ہے جو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کرا سکتی،شہباز شریف نے جو روڈ میپ دیا ہے اس پر غوروخوض ہونا چاہیے اور اسلامی ممالک کو اکٹھے بیٹھ کر فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہئیں، اسلامی ممالک کے پاس بہت بڑی قوت ہے اگر اس طاقت کا استعمال آج نہیں کریں گے تو کب کریں گے،آل پارٹیز کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی نے 2 ریاستی حل کی مخالفت کر دی،جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسئلہ فلسطین پر ہونے والی حکومتی اے پی سی میں شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا حماس اسلام دشمنوں کی نظر میں دہشت گرد ہوگی، ہماری نظر میں نہیں ہے، پاکستان، مصر، ترکی، انڈونیشیا اور دیگر مسلم ممالک سے ملکر مشترکہ حکمت عملی بنائے،اجلاس معنی خیز ہونا چاہیے، امت نے ایک سال کے دوران جس بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے وہ جرم ہے، امت کی بے حسی کے جرم میں پاکستان بھی برابر کا شریک ہے، کیا ہمیں اس کا احساس ہے؟ کانفرنس کی قرارداد سے فلسطینیوں کے دکھوں کا ازالہ نہیں ہوگا، فلسطینی بھائیوں کو ہمارے زبانی جمع خرچ کی ضرورت نہیں ہے،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے اسرائیل کیخلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں مسلم ممالک کو آگے آنا ہو گا،سب کو اکٹھا کیا جائے، مسلک پرستی کی تفریق ختم کی جائے، اسرائیل کے میزائل لبنان میں شیعوں اور غزہ میں سنیوں کے اوپر بھی گر رہے ہیں، ہمیں اپنی ماضی کی تلخیوں سے اسرائیل اور امریکہ کو فائدہ نہیں پہنچانا چاہیے، ہمیں متحد اور ایک قوت کے طور پر سامنے آنا پڑے گا، عرب ممالک سے بھی کہتا ہوں سامنے آئیں اور کردار ادا کریں ورنہ کوئی بچے گا نہیں،آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا اسرائیل عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، فلسطین کے عوام کوحق خودارادیت کے حصول کےلئے غیر متزلزل حمایت کا یقین دلاتے ہیں، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی بھرپورمذمت کرتے ہیں، غزہ میں فوری جنگ بندی اورجارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں،اعلامیہ میں کہا گیا اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اورجنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، اوآئی سی، عرب لیگ اور دیگر عالمی اداروں کی طرف سے امن و استحکام کےلئے سیاسی و سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان نے فلسطین اور لبنان کے بھائیوں کےلئے امدادی سامان بھجوایا ہے،اے پی سی کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان امداد پہنچانے کی کوششوں کو بڑھا کر دوگنا کرے گا، پاکستان آزاد فلسطینی ریاست (جس کا القدس شریف دارالخلافہ ہو) کی حمایت کرتا ہے۔