انقرہ، نیویارک (مشرق نیوز) ترک صدر طیب اردگان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ایک بار پھر ہٹلر قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے صیہونی ریاست کو فلسطینیوں کی نسل کشی کی جلد یا بدیر قیمت ادا کرنا ہوگی،ترک صدر نے ان خیالات کا اظہار اسرائیل کے غزہ پر جاری بمباری کا سال مکمل ہونے پر کیا۔ طیب اردوان نے کہا ایک سال سے مسلسل جاری فلسطینیوں کی نسل کشی تاحال رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے،اپنی تقریر میں ترک صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو ”غزہ کا قصائی“ قرار دیتے ایک بار پھر ان کا موازنہ نازی جرمنی کے ایڈولف ہٹلر سے کیا،ترکیہ کے صدر نے خبردار کیا جس طرح ہٹلر کو انسانیت کے اتحاد نے روکا تھا بالکل اسی طرح اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور اس کے نیٹ ورک کو روکا جائے گا،ترک صدر طیب اردگان نے عالمی برادری کی بے حسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ایسی دنیا جس میں غزہ کی نسل کشی کا کوئی حساب کتاب نہ کیا جائے وہاں کبھی امن قائم نہیں ہوسکتا، ترک صدر نے غزہ اور اب لبنان میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں ناکامی پر عالمی قوتوں اور تنظیموں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا اسرائیل کی نسل کشی، قبضے اور جارحیت کی دیرینہ پالیسی کو اب ختم ہونا چاہیے جبکہ سیٹلائٹ امیجز سے پتہ چلتا ہے کس طرح غزہ کو ایک سال میں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کیا گیا جس میں اب تک 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 98 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں،7 اکتوبر 2023 کو، حماس کے جنگجو پیرا گلائیڈرز کی مدد سے اسرائیل میں داخل ہوئے اورآپریشن الاقصیٰ فلڈ انجام دیا جس میں 1500 اسرائیلی ہلاک ہوگئے اور 250 کو یرغمال بناکر غزہ لایا گیا،اسرائیل نے جواب میں وحشیانہ بمباری شروع کی جو تاحال جاری ہے اور جنگ کا دائرہ غزہ پھر مغربی کنارے اور اب لبنان تک پہنچ گیا،ایک سال سے جاری مسلسل بمباری میں غزہ کھنڈر بن کر رہ گیا، رہائشی علاقے ملیامیٹ ہوگئے، 66 فیصد سے زیادہ عمارتیں زمین بوس ہوچکی ہیں اور 70 فیصد آبادی بے گھر ہوگئے،اقوام متحدہ کے سیٹلائٹ سینٹر (UNOSAT) نے 365 مربع کلومیٹر زمین کی سیٹلائٹ تصاویر کا تجزیہ کیا، رپورٹ میں ستمبر 2024 کی سٹیلائٹ تصاویر کا موازنہ حملہ شروع ہونے سے پہلے لی گئی تصاویر سے کیا گیا،رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے ایک سال میں غزہ کے اندر مجموعی طور پر ایک لاکھ 63 ہزار 778 عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا جن میں سے 52 ہزار 564 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں،اسی طرح 18 ہزار 913 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور وہ کسی بھی وقت گر سکتی ہیں جبکہ 56 ہزار 710 عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا لیکن وہ قیام کے قابل نہیں رہیں، رپورٹ کے مطابق صرف 35 ہزار سے زائد ایسی عمارتیں ہیں جو محفوظ ہیں اور ان میں قیام کیا جا سکتا ہے، غزہ میں 42 ملین ٹن سے زیادہ ملبہ موجود ہے۔
نیتن یاہو غزہ کا قصائی اور ہٹلر، نسل کشی کی قیمت چکانا ہوگی: ترک صدر



















