راولپنڈی (مشرق نیوز) ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کو سپرد خاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تمام شہدا کو انکے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس فوجی افسران، فوجی جوانوں نے شرکت کی، شہدا کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد بھی نمازہ جنازہ میں شریک ہوئی۔
شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت، لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید کی عمر 43 سال تھی اور وہ ضلع فیصل آباد کے رہائشی تھے، 31 سالہ لانس نائیک محمد اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر، 30 سالہ لانس نائیک اختر زمان شہید کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔
اسی طرح 29 سالہ لانس نائیک شاہد اللہ شہید ضلع ٹانک اور 31 سالہ لانس نائیک یوسف علی شہید کا تعلق اورکزئی اور 26 سالہ سپاہی جمیل احمد شہید کا تعلق ضلع سوات سے ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ شہدا کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم وحوصلے کو تقویت بخشتی ہیں۔
شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے شہدا فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک



















