ایس سی او کانفرنس اعزاز،فول پروف سکیورٹی یقینی بنائینگے،محسن نقوی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے اسلام آباد میں ایس سی او کانفرنس اعزاز ہے،فول پروف سکیورٹی یقینی بنائیں گے۔

محسن نقوی کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی سمٹ کی تیاریوں کیلئے وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف کمشنر ، آئی جی ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز اور سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی،اجلاس کیلئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیااورفول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا رواں ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سمٹ میں کئی سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں،بین الاقوامی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد پوری قوم کیلئے باعث اعزاز ہے،فول پروف انتظامات کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہااور ایس سی او کانفرنس کے موقع پر اسلام آباد کو خوبصورت بنایا جائےگا ،صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے،فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی،تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اپنا متعین کردہ کردار ادا کریں، سب کو باہمی تعاون سے اہم سربراہی کانفرنس کے پر امن اور کامیاب انعقادکو یقینی بنانا ہے۔