دیپالپور بازار میں تجاوزات کا نوٹس، مہم روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھی جائے:کمشنر ساہیوال
ساہیوال:(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے دیپالپور بازار میں تجاوزات ، عوام کو درپیش شدید مشکلات کا نوٹس لے لیا، کارپوریشن عملے کو تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کردی، شہر کے کمرشل علاقوں میں تجاوزات کےخلاف مہم روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھی جائے وہ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔
اجلاس میںایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن خالد محمود گیلانی، ڈی جی پی ایچ اے اکرام ملک، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور سی او کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر ساہیوال ڈویژن نے پسپ حکام کو ہدایت کی شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج پائپ ڈالنے کے بعد سڑکوں کی بحالی کا عمل تیز کیا جائے تاکہ عوام کو آسانی ہو،کمشنرنے کالج روڈ پر جاری کام کی تعطلی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور اس اہم سڑک پر کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
شعیب اقبال سیدنے کہا کالج چوک میں سیوریج پائپ ویک اینڈ پر ڈالے جائیں تاکہ عوام کم سے کم متاثرہو،اجلاس میں سٹی منیجرپسپ علی خان نے کہا محمد پور روڈ کی مرمت کا کام جاری ہے اور6500فٹ میں سے 2650فٹ حصہ مرمت کردیا گیا جبکہ باقی کام ایک ہفتے میں مکمل کرلیا جائے گا۔

















