کمیٹی میں جج کی تعیناتی میرا اختیار ہے، قاضی کامنصورکو جوابی خط

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ججزکمیٹی میں جج کی تعیناتی میرا اختیار ہے ،قاضی نے جسٹس منصور علی شاہ کو جوابی خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے4 صفحات پر مشتمل جوابی خط میں کہا جسٹس یحییٰ آفریدی نے ججز کمیٹی میں شامل ہونے سے معذرت کرلی، جسٹس یحییٰ آفریدی کی معذرت پر جسٹس امین الدین خان کو شامل کیا گیا،جسٹس منیب اختر کا سینئر ججز سے رویہ انتہائی سخت تھا ایسا جسٹس منصور آپ کے اصرار پر کیا گیا، قانوناً آپ سوال نہیں اٹھا سکتے چیف جسٹس کس جج کو کمیٹی میں شامل کرے، میں ہمیشہ احتساب ،شفافیت کا داعی رہا ہوں، جسٹس منیب اختر کو کمیٹی میں شامل نہ کرنے کی آپ کو وجوہات بتا رہا ہوں،جسٹس منصور قانوناً آپ نہیں پوچھ سکتے میں تیسرا رکن کسے نامزد کروں کسے نہ کروںچونکہ احتساب و شفافیت کاحامی ہونے کی وجہ سے وجوہات فراہم کروں گا، میں وجوہات فراہم کروں گا جسٹس منیب اختر کو کیوں تبدیل کیا گیا۔

چیف جسٹس نے خط میں لکھا جسٹس منیب اختر پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے سخت مخالف رہے ان 2 ججوں میں تھے جنہوں نے گرمیوں کی پوری تعطیلات کیں، مقدمات کے بوجھ سے لاپرواہ ہو کرگرمیوں کی پوری تعطیلات گزاریں، جسٹس منیب تعطیلات کے دوران عدالت کا کام کرنے کیلئے دستیاب نہیں تھے، تعطیلات پوری ہونے کے بعد کمیٹی میٹنگز میں شرکت پر اصرار کیا جو اگلے سینئر جج جسٹس یحییٰ پر عدم اعتماد ظاہر کرتا ہے،پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کہتا ہے ارجنٹ مقدمات 14 روز میں سماعت کیلئے مقرر ہوں گے، جسٹس منیب اختر نے درخواست گزاروں کے آئینی و قانونی حق کے برخلاف ارجنٹ آئینی مقدمات سننے سے انکار کیا اور چھٹیوں کو فوقیت دی،سپریم کورٹ کی روایت کے برعکس اپنے سینئر ججوں (ایڈہاک ججز)کا احترام نہ کیا، سینئرججز (ایڈہاک ججز)کو ایسے 1100 مقدمات کی سماعت تک ہی محدود کر دیا، ایڈہاک ججز کو شریعت ایپلٹ بنچ کے مقدمات بھی سننے نہیں دیئے گئے۔

جسٹس قاضی فائز نے کہا جسٹس منیب اختر نے کمیٹی کے معزز رکن سے غیر شائستہ، نامناسب رویہ اختیار کیا،تمام چیف جسٹس اور سینئر ترین جج بھی حصہ تھے، جسٹس منیب اختر محض عبوری حکم جاری کر کے 11 بجے تک کام کرتے ہیں، جسٹس منیب اختر کے ساتھی ججوں نے روئیے کی شکایت لگائی، آڈیو لیک کیس پرحکم امتناع جاری کر کے کیس سماعت کیلئے مقرر ہی نہ کرنے دیا گیا۔

خط کے مزید مندرجات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے لکھا رجسٹرار سپریم کورٹ نے مجھے اور جسٹس امین الدین کو آپ کا لکھا خط اجلاس کے دوران دیا، آپ کا خط میرے پاس آنے سے پہلے صحافیوں تک پہنچ گیا،فل کورٹ کے فیصلے میں پارلیمان کے قانون سازی کے اختیار کو تسلیم کیاگیا ، بنچز تشکیل کے اختیارات کو بعض لوگوں نے آئینی مقدمات میں غلط استعمال کیا ،شاہ صاحب قانون میں مجھے کمیٹی جج نامزد کرنے کا اختیار دیا گیا ،معقول وجوہات کی بنا پر اپنا اختیار استعمال کیا، ایسا نہیں لگتا آپ تمام ججز کو ایک جیسا تصور کرتے ہیں، مجھے یقین ہے آپ معاملہ کو زیر غور لاتے ہوئے عوام کیلئے کمیٹی میں دوبارہ شامل ہوں گے اور اپنی شمولیت سے سپریم کورٹ کی بلا تعطل کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔

جسٹس قاضی فائز نے کہاآپ کی جانب سے رجسٹرار ، سپریم کورٹ ججز کو خط کی کاپی بھجوائی گئی، آپ کے خط سے پیدا غلط بیانیے کے خاتمے کیلئے میرے پاس نقول بھجوانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، آپ کی جانب سے مجھ پر ججز کے انتخاب، غیر جمہوری اور ون مین شو جیسا فضول الزام لگایا گیا، آپ کی باتیں حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتیں، میں نے سپریم کورٹ کیلئے جو کچھ کیا وہ بتانے کی ضرورت نہیں، عوام میں غلط بیانیے کو ختم کرنے کیلئے آپ نے ایسا کرنے پر مجبور کیا۔