اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز نے ریمارکس دئیے ہیںکیا ججز ملک بھی چلائیں؟،ہر حکومتی پالیسی کی کوئی لاجک تو ہونی چاہیے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے بیت المال کے ملازمین کو الاونسز کی ادائیگی کیخلاف کیس پر سماعت کی ، عدالت نے بیت المال کے 4 سالہ بجٹ ،مستقل ملازمین کی تفصیلات طلب کرلیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا بیت المال کا بجٹ کتنا ہے،ملازمین کتنے ہیں؟۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے کہا بیت المال ایک فلاحی ادارہ ہے،450ارب روپے تو ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ ہوتے ہیں،قاضی فائز عیسیٰ نے کہا تجوری خالی ہے اور اس کو بھی دو اس کو بھی دو،کیا ججز ملک بھی چلائیں،بیت المال کو گرانٹ حکومت دیتی ہے اس لیے اٹارنی جنرل کو سن کر فیصلہ کریں گے،عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرکے سماعت سردیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف اپیل پر سماعت کی،دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا سرکاری ملازمین کے بچوں کو نوکریاں دینے کا کوئی قانون بتائیں یا لاجک دیں، ہر حکومتی پالیسی کی کوئی لاجک تو ہونی چاہیے، کل کو چیف جسٹس کے بچوں کو سرکاری نوکریاں دینے کی پالیسی بنا دیں تو پھر؟،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس میں کہا آئین کے آرٹیکل 27 کے تحت تمام شہری برابر ہیں۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا بلوچستان میں دوران سروس مرنے والوں کے بچوں کو نوکری دینے کی پالیسی ہے، خیبرپختونخوا میں پالیسی موجود ہے جو نہیں ہونی چاہیے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اب کہیں گے ہم نوکریاں دے رہے تھے سپریم کورٹ نے روک دیا، سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کے بچوں کو کوٹے پر نوکری دینے کےکیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کیا ججز ملک بھی چلائیں؟،ہر حکومتی پالیسی کی لاجک تو ہونی چاہیے:قاضی

















