شمالی وزیرستان،8خوارج جہنم واصل،صوابی:تھانے میں دھماکہ،اہلکار شہید،متعددزخمی

راولپنڈی ،صوابی ،پشاور:(بیورورپورٹ)سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن،8خوارج جہنم واصل،صوابی تھانے میں دھماکہ،اہلکار شہید،متعددزخمی،پشاور میں کچرے کے ڈھیر میں دستی بم پھٹنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،نتیجے میں 8 خوارجی ہلاک ہوگئے، مارے گئے خوارجیوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک خوارج فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے،سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کےخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاسکیورٹی فورسز نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل کیا،معصوم شہریوں کے جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

دوسری جانب صوابی تھانے میں دھماکے سے اہلکار شہید ،متعدد زخمی ہوگئے، دھماکہ تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں ہوا،دھماکے کے بعد باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، ترجمان کے مطابق زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

قبل ازیں پشاور کے علاقے خزانہ میں کچرے کے ڈھیر میں دستی بم پھٹنے سے 10 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا،دھماکہ ہوتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنےوالے دیگر اداروں کے اہلکار دھماکے کی جگہ پہنچ گئے ، علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔